وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست ترقی، تعلیم اور عوامی خدمت کی سیاست ہے۔ ہم کشمیری نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے نہیں بلکہ لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا تو آزاد کشمیر کی قسمت بدل جائے گی اور ریاست میں بھی پنجاب طرز کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ مظفرآباد کسی مہمان کی حیثیت سے نہیں آئیں بلکہ یہ ان کا اپنا گھر ہے۔
مزید پڑھیں: مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کا پاور شو: اقتدار میں آکر آزاد کشمیر کا بجٹ 10 گنا بڑھا دیں گے، نواز شریف
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازوال ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کسی جماعت کا نام لیے بغیر سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ آزاد کشمیر آ کر صرف تقریریں کرتے ہیں، دوسروں پر الزامات عائد کرتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، لیکن وہ یہ بھی بتائیں کہ ریاست میں حکومت کس کی ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے انہوں نے کیا اقدامات کیے۔
مریم نواز نے کہاکہ وہ اپنے والد اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی روایت کو آگے بڑھائیں گی اور جو وعدہ کریں گی اسے ضرور پورا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھماتے ہیں وہ ان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے، کیونکہ قوموں کی ترقی تعلیم، ہنر اور جدید ٹیکنالوجی سے ہوتی ہے، نہ کہ انتشار سے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مظفرآباد کے لیے 10 گرین بسوں کا تحفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بسیں جلد آزاد کشمیر پہنچ جائیں گی تاکہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 15 موبائل اسپتال بھی جلد اپنی خدمات کا آغاز کریں گے، جس سے دور دراز علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولت حاصل ہوگی۔
مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں کامیابی سے جاری ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کو آزاد کشمیر تک بھی توسیع دی جائے گی، تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے 2 ہزار اسکالرشپس اور 5 ہزار لیپ ٹاپس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ’ستھرا جموں و کشمیر‘ پروگرام متعارف کرایا جانا چاہیے تاکہ صفائی، شہری سہولیات اور بہتر ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) صرف دعوے نہیں کرتی بلکہ اپنی کارکردگی سے عوام کا اعتماد حاصل کرتی ہے، اور پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبے اس کا واضح ثبوت ہیں۔
مزید پڑھیں: ہر گاؤں میں سیاست، ہر گھر میں الیکشن کا ماحول، آزاد کشمیر کے انتخابات ملک کے دیگر حصوں سے مختلف کیسے؟
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کریں تاکہ آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہاکہ میں وزیراعظم پاکستان سے کہوں گی کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضہ دیا جائے، جبکہ اسپیشل افراد کو ہمت کارڈ دیے جائیں گے۔














