چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ مختلف عناصر انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، تاہم الیکشن کمیشن پرامن، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے سیکریٹری الیکشن کمیشن راجا محمد شکیل خان کے ہمراہ پریزائیڈنگ افسران کی تربیت کے لیے قائم تربیتی مراکز کا دورہ کیا اور پریزائیڈنگ افسران کے اورینٹیشن سیشن سے خطاب کیا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے عام انتخابات 3 مرحلوں میں ہوں گے، انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ مسترد
تربیتی سیشن سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری منیر حسین، ریٹرننگ آفیسر سردار غضنفر خان اور ریٹرننگ آفیسر آفتاب طارق میر نے بھی خطاب کیا، جبکہ جج الیکشن ٹربیونل لیاقت علی خان نے بھی سیشن میں شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد میں پریزائیڈنگ افسران کا کردار نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہاکہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے لیے ہمیشہ ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، اس لیے پریزائیڈنگ افسران ایمانداری، دیانتداری اور استقامت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
انہوں نے کہاکہ آئندہ پانچ سال کے لیے منتخب ہونے والی حکومت کا فیصلہ بڑی حد تک پریزائیڈنگ افسران کی ذمہ دارانہ کارکردگی سے جڑا ہے۔ بحیثیت سرکاری ملازم آپ ریاستی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے اپنی ذمہ داریاں اس انداز میں ادا کریں کہ کسی کو بھی الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔
’انتخابی عمل کو آسان اور قابل اعتماد بنانا ہماری ترجیح ہے‘
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ عوام کے لیے انتخابی عمل کو ہر ممکن حد تک آسان بنایا جائے۔
انہوں نے پریزائیڈنگ افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابی ڈیوٹی کو مذہبی فریضہ سمجھ کر انجام دیں، کیونکہ ان کے مرتب کردہ نتائج پر نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا اعتماد کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ پریزائیڈنگ افسران کو صرف ریاست کا وفادار ہونا چاہیے، کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے ساتھ کسی قسم کی وابستگی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران اپنا فرض دیانتداری اور ایمانداری سے ادا کریں گے۔
’انتخابی عمل کو تین مراحل میں تقسیم کرنے کا مقصد تحفظ کو یقینی بنانا ہے‘
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو تین مراحل میں تقسیم کیا ہے تاکہ انتخابی عملے اور ووٹرز دونوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران کی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہوں گے جبکہ کوئیک رسپانس فورس بھی بیک اپ پر موجود ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی نتائج کی تیاری میں پریزائیڈنگ افسران کا ابتدائی نتیجہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، اس لیے ان کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر ہدایت کی کہ تمام پریزائیڈنگ افسران بلا خوف و خطر اپنی ڈیوٹی انجام دیں۔
’بااختیار حکومت کے انتخاب کے لیے شفاف انتخابات ضروری ہیں‘
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے آئندہ پانچ سال کے لیے ایک بااختیار حکومت منتخب کرنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام متعلقہ ادارے مل کر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا پرامن، شفاف اور غیر جانبدار انعقاد یقینی بنائیں گے۔












