آزاد کشمیر انتخابات: ایم کیو ایم کیجانب سے ن لیگی امیدوار کی حمایت کا اعلان، مشترکہ حکومت سازی پر اتفاق

ہفتہ 25 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کے ساتھ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایم کیو ایم آزاد کشمیر میں مقیم مہاجرین کی نشست پر ن لیگ کے امیدوار کی مکمل حمایت کرے گی، جس سے دونوں جماعتوں کا مشترکہ امیدوار باآسانی کامیابی حاصل کرے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے بتایا کہ ایم کیو ایم کی امیدوار سیدہ صائمہ فرید جو کہ پچھلے 3 ماہ سے انتخابی مہم چلا رہی تھیں، انہوں نے پارٹی کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ن لیگ کے امیدوار نعیم بھائی کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ فاروق ستار نے نعیم بھائی کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں جماعتوں کا یہ اتحاد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی راہ ہموار کرے گا اور وہاں بھی ایک مؤثر شراکت داری قائم ہوگی۔ ن لیگ کے وفد نے بھی آزاد کشمیر میں مشترکہ فیصلوں اور حکومت سازی میں ایم کیو ایم کو شامل رکھنے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ کی مہم جاری، نواز شریف کے دورہ میرپور کا اعلان

فاروق ستار نے ۲ اہم مطالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومتوں سے متعلق آئینی ترمیمی بل اور سندھ میں گورنرشپ ایم کیو ایم کا بنیادی حق اور دیرینہ مطالبہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں اس آئینی بل پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے اور اسے جلد اسمبلی میں پیش کر کے پاس کرایا جائے گا۔ گورنرشپ سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا مینڈیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے، اس لیے عوامی گورنر کی واپسی کے لیے ن لیگ کی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ یہ سیاسی اتحاد مزید مستحکم ہو سکے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے فاروق ستار اور ایم کیو ایم قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار سردار نعیم کی حمایت اور ایم کیو ایم کی امیدوار کا دستبردار ہونا دونوں جماعتوں کے مضبوط اتحاد کا ثبوت ہے۔

یہ  بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: کون سے سابق وزرائے اعظم اس معرکے کا حصہ ہیں؟

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بشیر میمن نے کہا کہ آج سے ہی دونوں جماعتیں مل کر ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں گی اور ایم کیو ایم کی امیدوار سیدہ صائمہ فرید ہمارے امیدوار سردار نعیم کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے دیگر مطالبات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 140 اے کا آئینی بل پہلے ہی کابینہ میں منظور ہو چکا ہے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

گورنرشپ کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے بشیر میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کا اتحاد اور انڈرسٹینڈنگ اتنی مضبوط ہے کہ ہمارا گورنر ہو یا ان کا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت اور مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، اور ایم کیو ایم کے تمام تحفظات اور مطالبات کو اعلیٰ قیادت کے سامنے انتہائی سنجیدگی کے ساتھ رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp