کوئٹہ کراچی شاہراہ پر بدامنی، ٹرین سروس کی غیر یقینی صورتحال، شہری مہنگے فضائی سفر پر مجبور

اتوار 26 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر آئے روز پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات، مسافر بسوں پر حملوں اور سیکیورٹی خدشات نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ غیر ضروری زمینی سفر سے گریز کررہے ہیں۔ کاروباری افراد، سرکاری ملازمین، طلبہ اور مریض بھی انتہائی ضرورت کے تحت ہی سڑک کے ذریعے سفر کررہے ہیں جبکہ بہت سے خاندانوں نے اپنے سفری منصوبے مؤخر کر دیے ہیں۔

دوسری جانب ریلوے ٹریک پر حملوں اور مختلف اوقات میں ٹرین سروس کی معطلی یا محدود آپریشن کے باعث بھی شہریوں کے لیے سستا اور محفوظ سفری متبادل قریباً ختم ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی تا چمن پاکستان ایکسپریس وے، بلوچستان کی معیشت اور علاقائی تجارت کے لیے اہم منصوبہ

ایسے حالات میں کراچی جانے والے مسافر مجبوری کے تحت فضائی سفر کا رخ کررہے ہیں، جس سے کوئٹہ سے کراچی جانے والی پروازوں کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ٹریول ایجنٹس کے مطابق کوئٹہ سے کراچی کا یک طرفہ فضائی کرایہ سفر کی تاریخ، نشستوں کی دستیابی اور ایئرلائن کے لحاظ سے تبدیل ہوتا رہتا ہے، تاہم ان دنوں بیشتر پروازوں کے ٹکٹ قریباً 30 ہزار سے 45 ہزار روپے تک فروخت ہو رہے ہیں جبکہ بعض مصروف دنوں میں آخری وقت کی بکنگ پر کرایہ اس سے بھی زیادہ ہو جاتا ہے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے مسافر محمد آصف نے بتایا کہ وہ ہر ماہ کاروباری سلسلے میں کراچی جاتے ہیں، لیکن موجودہ حالات میں سڑک کے ذریعے سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں۔ ان کا کہنا تھا، ہم زمینی راستے سے جانا چاہتے ہیں کیونکہ اس میں خرچ کم آتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں جان کی حفاظت سب سے اہم ہے، اسی لیے مجبوراً مہنگا فضائی ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے۔

ایک اور شہری عبدالحمید نے کہاکہ فضائی سفر عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ ایک خاندان کے چار افراد اگر کراچی جائیں تو صرف آنے جانے کے فضائی ٹکٹوں پر ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک خرچ آ جاتا ہے، جو متوسط طبقے کے لیے انتہائی مشکل ہے۔ اگر شاہراہ محفوظ ہو اور ٹرین سروس معمول کے مطابق چلتی رہے تو عوام کو بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔

ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی پروازوں کی بکنگ میں واضح اضافہ ہوا ہے اور کئی پروازیں روانگی سے پہلے ہی مکمل بک ہو جاتی ہیں۔ ان کے مطابق محدود نشستوں کے باعث آخری وقت پر سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں، تاجروں اور سماجی حلقوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے، شاہراہ پر گشت اور حفاظتی اقدامات بڑھائے جائیں، ریلوے ٹریک اور ٹرین آپریشن کو محفوظ بنا کر مستقل بنیادوں پر بحال رکھا جائے اور اندرون ملک فضائی کرایوں میں بھی مناسب ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، سستا اور قابلِ اعتماد سفری متبادل میسر آ سکے۔

مزید پڑھیں: این ایچ اے کا قومی شاہراہوں کے اطراف تجارتی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی معاشی سرگرمیوں کا بڑا انحصار کوئٹہ کراچی روٹ پر ہے۔ اس شاہراہ پر مسلسل بدامنی نہ صرف عوام کی نقل و حرکت کو متاثر کررہی ہے بلکہ تجارت، سیاحت، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ٹرمپ نے چوتھی بار صدارتی انتخاب لڑنے کی خواہش ظاہر کر دی، آئینی پابندیوں پر نئی بحث چھڑ گئی

روس کا یوکرین پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام، تفریحی کیمپ پر ڈرون حملے میں 12 ہلاکتیں

’ایس اینڈ پی‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، معاشی ماہرین کی رائے کیا ہے؟

آزاد کشمیر انتخابات: سیاسی سرگرمیاں عروج پر، ووٹرز میں بھرپور جوش و خروش

امیگریشن پالیسی 2026: غیر قانونی ہجرت کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ اور ہنرمند پاکستانیوں کے لیے نئے مواقع

ویڈیو

روس کا یوکرین پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام، تفریحی کیمپ پر ڈرون حملے میں 12 ہلاکتیں

’ایس اینڈ پی‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، معاشی ماہرین کی رائے کیا ہے؟

آزاد کشمیر انتخابات: سیاسی سرگرمیاں عروج پر، ووٹرز میں بھرپور جوش و خروش

کالم / تجزیہ

دو ہم سفر دو ہم عصر: منیر نیازی اور محمد سلیم الرحمان

ہوا دان، منگھ، بادگیر یا بادکش

قائداعظم کے بارے میں سازشی تھیوریز نہ گھڑیں