فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے بلوچستان کے علاقے کھڈ کچا سے سامان رسانی کی ایک کمپنی سے وابستہ 2 افراد کو اغوا کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق اغوا کے بعد دونوں افراد کو کلی انجیری کے علاقے کی جانب لے جایا گیا۔
اغوا ہونے والوں میں جان محمد، رہائشی ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ، اور ساجد علی، رہائشی مومن آباد کوئٹہ شامل ہیں۔ دونوں افراد کا مستقل پتا بھارہ کہو اسلام آباد بتایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اغوا کے وقت دونوں افراد کے ساتھ کمپنی کی ایک شہ زور گاڑی بھی موجود تھی، جسے بھی دہشتگرد اپنے ساتھ لے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ 26 جولائی کو کوریئر کمپنی کے مالک محمد عمران کو فون کر کے اغوا کاروں نے دونوں افراد کی رہائی کے بدلے ڈھائی کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
اغوا کاروں نے دھمکی دی کہ اگر مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو دونوں مغویوں کو جان سے مار دیا جائےگا۔













