غزہ جنگ: مصنوعی ذہانت کے نتائج پر اثر انداز ہونے کے لیے اسرائیل کی  کروڑوں ڈالرز کی خفیہ مہم کا انکشاف

بدھ 29 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی تحقیقاتی ادارے ‘ڈرپ سائٹ نیوز’ کی شائع کردہ ایک سنسنی خیز رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے مصنوعی ذہانت (AI) کے مختلف سسٹمز کو غزہ جنگ کے بارے میں پوچھے جانے والے سوالات کے من چاہے جوابات دینے پر مجبور کرنے کے لیے کروڑوں ڈالر نچھاور کیے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق مینیجر بریڈ پارسکیل اور ان کی فرم ‘کلاک ٹاور ایکس’ نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ 4 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کیا۔ اس معاہدے کے تحت پروپیگنڈا ویب سائٹس کا ایک پورا نیٹ ورک قائم کیا گیا تاکہ اسرائیلی بیانیے کو فروغ دیا جا سکے اور چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT)، کلاوڈ (Claude)، جیمنائی (Gemini) اور پرپلیکسٹی (Perplexity) جیسے معروف اے آئی پلیٹ فارمز کے جوابات کو متاثر کیا جا سکے۔

ڈرپ سائٹ کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ کلاک ٹاور ایکس نے متعدد ویب سائٹس پر سیکڑوں مضامین شائع کیے جن میں غزہ جنگ، اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور امریکہ اسرائیل تعلقات کو سراہا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اس مہم کا اصل مقصد مصنوعی ذہانت کے بڑے لینگویج ماڈلز (LLMs) کے ردعمل پر اثر انداز ہونا تھا، جس کے لیے ایسا مواد تیار کیا گیا جسے سرچ انجنز آسانی سے انڈیکس کر کے اے آئی سسٹمز کا حصہ بنا سکیں۔ تکنیکی زبان میں اس عمل کو ’ایل ایل ایم پوائزننگ‘ (LLM Poisoning) کہا جاتا ہے۔

اگرچہ ان ویب سائٹس پر عام انسانوں کی آمدورفت (ٹریفک) نہ ہونے کے برابر تھی، لیکن انہیں بنیادی طور پر سرچ انجنز اور AI کی تربیت کرنے والے سسٹمز کے پڑھنے کے لیے ہی ڈیزائن کیا گیا تھا۔ Allyvia.org، FactSignal.org اور Paxpoint.org جیسی ویب سائٹس نے پاکدامنی کا چولا پہن کر امریکا اور اسرائیل کے فوجی تعاون کا دفاع کیا، غزہ میں مظالم کے الزامات کو مسترد کیا اور یکطرفہ اسرائیلی موقف کو درست بنا کر پیش کیا۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ کچھ AI سسٹمز نے پہلے ہی ان ویب سائٹس کے حوالے دینے شروع کر دیے ہیں۔ ایک تجربے کے دوران ‘پرپلیکسٹی’ نے امریکا اسرائیل فوجی تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں Allyvia.org کا حوالہ دیا، جبکہ مائیکروسافٹ کے ‘کوپائلٹ’ نے بھی کلاک ٹاور ایکس سے منسلک ویب سائٹس سے مواد اٹھایا۔

مزید برآں، ان ویب سائٹس کا مواد ‘کامن کرال’ (Common Crawl) نامی ایک بڑے ویب آرکائیو کے ذریعے AI کی تربیت کے ڈیٹا سیٹس میں شامل ہو چکا ہے، جسے تمام بڑے اے آئی ڈیولپرز استعمال کرتے ہیں۔ رواں سال جنوری سے جون کے درمیان کلاک ٹاور ایکس کی 10 ویب سائٹس کو سیکڑوں بار کرال کیا گیا، جس سے AI کے تیار کردہ جوابات میں ان کی شمولیت کے امکانات بے تحاشا بڑھ گئے۔

ڈیجیٹل ڈس انفارمیشن کے خلاف کام کرنے والی تنظیم ‘چیک فرسٹ’ کے چیف ایگزیکٹو ہر ٹوکو نے بتایا کہ چونکہ کامن کرال کا استعمال ڈیٹا سائنس کی دنیا میں بڑے پیمانے پر ہوتا ہے، اس لیے مختلف عناصر اے آئی کے نتائج میں ہیرا پھیری کے لیے اسے اپنا نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسا کرنا کافی آسان ہے۔

ان ویب سائٹس کا جائزہ لینے کے بعد ہر ٹوکو نے مزید کہا کہ یہ ویب سائٹس ایسے سوالات پر کہ ‘کیا اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے؟’ اسرائیل کا دفاع کرنے اور نقصان پر قابو پانے کے لیے کافی کارآمد ثابت ہو سکتی ہیں، کیونکہ اے آئی چیٹ بوٹس اکثر مختلف تناظر پیش کرتے ہیں اور وہ اس اسرائیلی بیانیے کو بحث کے ایک رخ کے طور پر دہرا سکتے ہیں۔

رپورٹ کے اختتام میں یہ بھی بتایا گیا کہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے، جس میں اب تک 73 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، امریکا میں اسرائیل کی عوامی حمایت میں تاریخی کمی آئی ہے یہاں تک کہ ان گروہوں میں بھی اسرائیل کی مقبولیت ختم ہو رہی ہے جو روایتی طور پر اس کے سخت حامی سمجھے جاتے تھے، جیسے کہ محافظ کار (کنزرویٹو) اور ایوینجلیلیکل عیسائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ: اسلام آباد تینوں ممالک کے پرچموں اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا

حکومت کا بجلی کی 3 بڑی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

جماعت اسلامی نے 9 اگست کا احتجاج مؤخر کردیا، پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنوں کی نئی تاریخ کا اعلان

اوپن اے آئی کے نئے ماڈل ’ایسٹرا‘ میں خطرناک سیکیورٹی خدشات کا انکشاف، ڈیولپنگ کام عارضی معطل

میر رضا علی کیس: پولیس تفتیش کے بجائے خاندان کو ہراساں کررہی ہے، وکیل نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا

ویڈیو

کشمیری پاکستان کے مالک ہیں، مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت دلائیں گے، رانا ثنا اللہ کا ضلع باغ میں جلسہ عام سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف مدینہ منورہ سے روانہ، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد مسجد نبویؐ میں حاضری

پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ کے اعلان پر خیبر پختونخوا کے اراکین کیا کہتے ہیں؟

کالم / تجزیہ

پرانی کتابوں کا اتوار بازار

اپنی زندگی کے ایڈیٹر بنیں، رائٹر نہیں

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر