پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر کی فلم ’میرا لیاری‘ اب ٹی وی اسکرین پر پیش کی جائے گی۔ سینما گھروں میں محدود نمائش کے بعد فلم کا ٹی وی پریمیئر رواں ہفتے جمعہ کی رات ہوگا۔
فلم کی ٹی وی نشریات کا اعلان سندھ فلمز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کیا جہاں فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر عائشہ عمر اور ہدایت کار ابو علیحہ کے ساتھ مشترکہ پوسٹ شیئر کی گئی۔
View this post on Instagram
اعلان کے مطابق ’میرا لیاری‘ 31 جولائی کو رات 10 بجے مختلف ٹی وی چینلز پر نشر کی جائے گی جن میں جیو کہانی، ایکسپریس انٹرٹینمنٹ، اے پلس، گرین انٹرٹینمنٹ، ٹی وی ون، سندھ ٹی وی، کے ٹی این، خیبر اور فلمیکس شامل ہیں۔
فلم میں عائشہ عمر کے ساتھ دنانیر مبین، ٹرینیٹ لوکاس، سامعہ ممتاز، نیر اعجاز، پارس مسرور، عدنان شاہ ٹیپو اور شعیب حسن نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلم میرا لیاری: پروپیگنڈا کے خلاف پاکستان کا حقیقت پر مبنی جواب
’میرا لیاری‘ کی کہانی ایک معذور فٹبال کوچ کے گرد گھومتی ہے جو مشکلات بھری ازدواجی زندگی سے نکلنے کے بعد لیاری واپس آتی ہے اور علاقے کی لڑکیوں کو فٹبال کھیلنے کے لیے تربیت دینا شروع کرتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح دو نوجوان لڑکیاں افسانہ اور کشمالہ سماجی رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہوئے فٹبال کے ذریعے اپنے خواب پورے کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
ہدایت کار ابو علیحہ کے مطابق فلم کی خاص بات اس کی حقیقت سے قریب تر عکاسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی تقریباً 80 فیصد کاسٹ کا تعلق لیاری سے ہے جس میں معاون اداکار، مقامی فٹبال ٹیموں کے کھلاڑی اور مرکزی کردار ادا کرنے والے شعیب حسن بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ‘میرا لیاری’ کی تشہیر کے دوران دنانیر مبین کے لباس پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑگئی
سندھ حکومت کے تعاون سے بننے والی اس فلم کو صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے بھی سراہا تھا۔ ان کے مطابق فلم لیاری کے حوالے سے موجود منفی تاثر کے بجائے علاقے کا اصل چہرہ، یعنی امن، ترقی اور فخر کو اجاگر کرتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سینما گھروں میں نمائش سے قبل ’میرا لیاری‘ کو برطانیہ کے یو کے ایشین فلم فیسٹیول میں لندن میں بھی پیش کیا جا چکا ہے۔













