آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت مظفرآباد ڈویژن کے انتخابی کوآرڈینیٹرز کے اجلاس میں مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ مرحلے کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔
وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے مظفرآباد ڈویژن کے کوآرڈینیٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتخابی مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ مرحلے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی۔
یہ بھی پڑھیے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ن لیگ کا بلاول بھٹو کی تنقید پر جواب
اجلاس میں عوامی رابطہ مہم، تنظیمی سرگرمیوں، انتخابی پروگراموں اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے انتخابی مہم کو مزید مؤثر، مربوط اور منظم بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا اور عوام تک پارٹی کا پیغام بہتر انداز میں پہنچانے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عبداللہ خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، سینیٹر سعود مجید، سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا، رکن قومی اسمبلی ریاض الحق، پنجاب اسمبلی کے ارکان رانا شہریار، احمد لغاری، اسامہ لغاری، تیمور لالی، قاسم ندیم اور نورالامین وٹو سمیت وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسنز بلال رضوان اور عزیر کیانی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور انجینئر امیر مقام نے میرپور ڈویژن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر انتخابی مہم سے وابستہ کوآرڈینیٹرز، تنظیمی عہدیداران اور کارکنوں کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کارکنوں کی محنت، تنظیمی نظم و ضبط اور مؤثر عوامی رابطہ مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ میرپور ڈویژن میں کامیابی مضبوط تنظیمی ڈھانچے، بہتر حکمت عملی اور کارکنوں کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ 13 میں سے 9 نشستیں جیت کر سب سے آگے، چیف الیکشن کمشنر نے پہلا مرحلہ شفاف قرار دے دیا
رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ میرپور ڈویژن کی طرح مظفرآباد ڈویژن میں بھی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور عوامی حمایت سے پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔
اجلاس میں کوآرڈینیٹرز کو ہدایت کی گئی کہ انتخابی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے، کارکنوں اور عوام سے رابطے مضبوط بنائے جائیں اور تنظیمی سطح پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مہم کو آگے بڑھایا جائے۔
شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کی کامیابی کے لیے کارکنوں، تنظیمی عہدیداران اور عوام کے ساتھ مسلسل رابطے کو یقینی بنایا جائے گا اور انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔














