پاکستان کے معروف سینئر اداکار، کامیڈین اور موسیقار خالد نظامی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔
خاندان کے مطابق خالد نظامی گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور زیرِ علاج تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج نمازِ ظہر کے بعد کراچی سینٹرل کے علاقے بفر زون 15-بی میں واقع عثمانیہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکار انتقال کرگئے
1947 میں پیدا ہونے والے خالد نظامی نے ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سے حاصل کی، جبکہ اسلامیہ کالج کراچی سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
خالد نظامی کا شمار پاکستان کے صفِ اول کے اداکاروں اور کامیڈینز میں ہوتا تھا۔ وہ اپنی منفرد اداکاری، برجستہ مزاح اور کرداروں میں فطری انداز کی وجہ سے ناظرین میں بے حد مقبول تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی کی سابق نیوز کاسٹر اور معروف سماجی شخصیت جہاں آرا معین انتقال کرگئیں
انہوں نے پی ٹی وی کے لازوال ڈراموں ’انکل عرفی‘ (1972)، ’شہزوری‘ (1974) اور ’ان کہی‘ (1982) میں اپنی شاندار اداکاری سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی لاکھوں مداحوں کے دل جیتے۔ اس کے علاوہ وہ حسینہ معین کے شہرۂ آفاق ڈرامے ’عید کا جوڑا‘ سمیت متعدد مقبول ڈراموں کا بھی حصہ رہے۔
ٹیلی ویژن کے ساتھ ساتھ خالد نظامی نے فلمی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے ہدایت کار نذرالاسلام کی فلموں ’حقیقت‘ (1974)، “پہچان” (1975) اور پنجابی فلم ’اج دیاں کڑیاں‘ (1977) میں یادگار کردار ادا کیے۔














