میٹا نے واٹس ایپ ویب کے لیے ایک اہم اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے بعد صارفین اب براہِ راست اپنے ویب براؤزر سے کالز کرسکیں گے۔
اس سے قبل واٹس ایپ پر کالنگ کی سہولت صرف موبائل ایپ یا کمپیوٹر کے لیے دستیاب مقامی ایپ تک محدود تھی، تاہم نئی اپ ڈیٹ کے بعد واٹس ایپ ویب بھی اس حوالے سے زیادہ مکمل تجربہ فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ میں نیا زبردست فیچر متعارف، دستاویزات کے استعمال کا انداز ہی بدل دیا
واٹس ایپ ویب میں اب ایک الگ کالز ٹیب شامل کر دیا گیا ہے، جہاں صارفین اپنی کال ہسٹری اور پسندیدہ رابطے دیکھ سکیں گے۔
اس کے علاوہ ویب ورژن میں اسکرین شیئرنگ اور کال کے دوران ایموجی ری ایکشنز جیسے فیچرز بھی شامل کر دیے گئے ہیں، جو پہلے صرف ڈیسک ٹاپ ایپ میں دستیاب تھے۔
میٹا کے مطابق ان فیچرز کا مقصد دوستوں سے گفتگو اور دفتری اجلاسوں کے دوران کالنگ کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
کال منتقلی اور کال ویٹنگ
میٹا کی ملکیت واٹس ایپ نے جاری کال کو ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس پر بغیر منقطع کیے منتقل کرنے کی سہولت بھی متعارف کرائی ہے۔
مثال کے طور پر اگر صارف کمپیوٹر پر کال وصول کرے تو وہ اسی کال کو بغیر رکاوٹ اپنے اسمارٹ فون پر جاری رکھ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کے یوزرنیم فیچر نے کئی ممالک کو پریشان کردیا، صومالیہ بھی بول پڑا، خدشات کیا ہیں؟
گروپ کالز کے لیے کال ویٹنگ کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔ کال لنک بناتے وقت منتظم شمولیت کے لیے منظوری لازمی کا اختیار فعال کرسکتا ہے، جس کے بعد صرف منظور شدہ افراد ہی کال میں شامل ہوسکیں گے۔
یہ فیچر کاروباری اجلاسوں اور بڑے گروپوں کی گفتگو کے لیے مفید قرار دیا جارہا ہے۔
بہتر آواز اور ایچ ڈی ویڈیو
تازہ اپ ڈیٹ میں پس منظر کے شور کو کم کرنے کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے شور والے ماحول میں بھی کال کا معیار بہتر رہے گا۔
اس کے علاوہ ویڈیو کال کے آغاز ہی سے ہائی ڈیفینیشن ویڈیو اسٹریمنگ فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پہلے بہتر ویڈیو معیار کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑتا تھا۔
مزید فیچرز بھی متوقع
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میٹا واٹس ایپ کو صرف پیغام رسانی تک محدود رکھنے کے بجائے مزید سہولیات فراہم کررہی ہے۔
کمپنی نے حال ہی میں واٹس ایپ یوزر نیم کی سہولت کے لیے بھی پیشگی رجسٹریشن شروع کی ہے، جس کے ذریعے مستقبل میں صارفین فون نمبر کے بغیر بھی مختلف پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے سے رابطہ اور کال کرسکیں گے۔
میٹا کے مطابق واٹس ایپ ویب کی نئی کالنگ سہولت مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین تک پہنچائی جارہی ہے۔














