میٹا نے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے بعد پی ڈی ایف فائلز کو ڈاؤن لوڈ کیے بغیر براہِ راست چیٹ کے اندر ہی کھولا جا سکے گا۔
کمپنی کے مطابق اس نئی سہولت کا مقصد صارفین کے لیے دستاویزات تک رسائی کو مزید تیز، آسان اور مؤثر بنانا ہے تاکہ پی ڈی ایف فائل دیکھنے کے لیے الگ سے ڈاؤن لوڈ یا کسی دوسرے سافٹ ویئر کا سہارا لینے کی ضرورت نہ رہے۔
اڈوب کے ساتھ شراکت داری سے نئی سہولت
اس فیچر کو ممکن بنانے کے لیے میٹا نے اڈوب کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے نتیجے میں اڈوب ایکروبیٹ کی سپورٹ واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ کا حصہ بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ کے یوزرنیم فیچر نے کئی ممالک کو پریشان کردیا، صومالیہ بھی بول پڑا، خدشات کیا ہیں؟
اس انضمام کے بعد صارفین چیٹ کے اندر ہی پی ڈی ایف دستاویزات کا جائزہ لے سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ متن کو ’ہائی لائٹ‘ کرنے، ‘اینوٹیشن’ شامل کرنے اور بنیادی نوعیت کی دیگر ایڈیٹنگ سہولیات سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا، جس سے کام کرنے کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی
میٹا نے واضح کیا ہے کہ نئے فیچر کے استعمال کے باوجود واٹس ایپ کی ‘اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن’ برقرار رہے گی۔ یعنی صارفین کی ذاتی گفتگو اور شیئر کی جانے والی فائلز پہلے کی طرح محفوظ رہیں گی اور ان کی رازداری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری
کمپنی کے مطابق یہ سہولت مرحلہ وار دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جاری کر دی گئی ہے۔
اگر کسی صارف کو فوری طور پر یہ فیچر نظر نہ آئے تو امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں تازہ اپ ڈیٹ کے ذریعے اسے بھی دستیاب ہو جائے۔
واٹس ایپ گزشتہ چند برسوں کے دوران صرف ایک میسجنگ ایپ تک محدود نہیں رہا بلکہ اسے بتدریج ایک جامع کمیونی کیشن پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:واٹس ایپ چینلز میں اسپانسرڈ مواد کی شفافیت کے لیے نیا فیچر، ’پیڈ پارٹنرشپ‘ لیبل متعارف
حالیہ عرصے میں میٹا نے چیٹ، کالنگ، فائل شیئرنگ، چینلز اور کاروباری سہولیات سمیت متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں تاکہ صارفین کو روزمرہ کاموں کے لیے مختلف ایپس پر انحصار کم کرنا پڑے۔
پی ڈی ایف فائلز کے لیے براہِ راست ویونگ اور بنیادی ایڈیٹنگ کی سہولت بھی اسی حکمتِ عملی کا حصہ سمجھی جا رہی ہے، جس کے ذریعے خاص طور پر طلبہ، دفتری ملازمین اور کاروباری صارفین کو دستاویزات کے استعمال میں زیادہ سہولت اور وقت کی بچت حاصل ہوگی۔













