فخر زمان مکمل فٹ، نیشنل چیمپیئنز کپ میں واپسی کے لیے تیار

جمعہ 31 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ وہ انجری سے مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں اور دوبارہ مکمل ٹریننگ شروع کردی ہے۔ ان کی توجہ اب 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔

فخر زمان نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری وائٹ بال کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی کیمپ کھلاڑیوں کو ان پہلوؤں پر کام کرنے کا بہترین موقع فراہم کررہا ہے جن پر مسابقتی کرکٹ کے دوران توجہ دینا مشکل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فخر زمان اور صائم ایوب آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر

انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ گزشتہ دو سے تین ماہ سے جاری ہے اور کوچنگ اسٹاف نے کھیل کی ان خامیوں پر کام کیا ہے جن کی نشاندہی میچز کے دوران نہیں ہو پاتی۔ اکیڈمی نے کھلاڑیوں کو بہتری کے لیے مناسب وقت اور ماحول فراہم کیا ہے۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ 2027 ورلڈ کپ میں ابھی کافی وقت باقی ہے، اس لیے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور عالمی ٹورنامنٹ کے لیے بھرپور تیاری کا موقع رکھتے ہیں۔

فخر زمان نے کیمپ میں شامل نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ کئی ایسے کھلاڑی جو پہلے ٹیم انتظامیہ کی نظر میں نہیں تھے، انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جو مستقبل میں ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا فخر زمان ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟ کرکٹر نے خاموشی توڑ دی

پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ جب نتائج اچھے نہ ہوں تو تنقید میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ہر ٹیم مشکل دور سے گزرتی ہے، اس لیے مستقبل کے حوالے سے مثبت سوچ رکھنی چاہیے۔

اپنی فٹنس کے بارے میں فخر زمان نے بتایا کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں اور دوبارہ بیٹنگ شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ نیشنل چیمپیئنز کپ میں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

35 سالہ بیٹر نے نوجوان کھلاڑیوں کو مختصر کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں شامل کرنے کے رجحان پر محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نوجوان کھلاڑی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ان کی جگہ لینے کے قابل ہے تو اسے خوش آمدید کہیں گے، تاہم اسے اپنی صلاحیت، مستقل مزاجی اور فارم ثابت کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: فخر زمان کی اپیل مسترد، 2 میچز کی پابندی برقرار

فخر زمان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانا بین الاقوامی کرکٹ میں کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور عالمی سطح کی کرکٹ میں بہت فرق ہے، اس لیے صرف ایک یا دو اچھی پرفارمنس کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو غیر معمولی قرار نہیں دینا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ کے ساتھ اپنی بیٹنگ پوزیشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، تاہم کچھ معاملات میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کیے جاسکتے، ان کا کہنا تھا کہ ان کی ترجیح ہمیشہ ٹیم کی ضرورت رہی ہے اور وہ اسی سوچ کے ساتھ کھیلتے ہیں۔

2027 ورلڈ کپ کے حوالے سے فخر زمان نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں کھیلنے کے ان کے کئی اچھے تجربات ہیں۔ وہاں کی تیز اور باؤنس والی پچز ان کے اندازِ بیٹنگ کے لیے موزوں ہیں، اسی لیے وہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کررہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp