نئی اسمبلی وجود میں آچکی، منتخب ارکان اب حلف اٹھا سکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق 4 اگست کے بعد نئی اسمبلی وجود میں آ چکی ہے۔ اگرچہ چند نشستوں پر ابھی انتخابات ہونا باقی ہیں، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسمبلی مکمل طور پر تشکیل نہیں پائی۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منتخب ہونے والے ارکان حلف اٹھا سکتے ہیں اور اسمبلی کی کارروائی آئین کے مطابق آگے بڑھ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے، عطاتارڑ

انہوں نے کہا کہ پونچھ ڈویژن میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاری مکمل ہے، تاہم انتخابات کے انعقاد میں امن و امان کی صورتحال بنیادی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ووٹرز، انتخابی عملے اور انتخابی سامان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن پر لگائے جانے والے الزامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور ادارہ وہ سیاسی الزامات کا جواب نہیں دیتے کیونکہ ان کا کام صرف آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کا انعقاد ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں عوام نے بھرپور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور ٹرن آؤٹ بھرپور رہا۔

پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ مظفرآباد ڈویژن میں ووٹر ٹرن آؤٹ 53 فیصد جبکہ میرپور ڈویژن میں 46.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو موجودہ حالات کے تناظر میں حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتخابات کا انعقاد ایک بڑا چیلنج تھا تاہم عوام نے تشدد کے بجائے ووٹ کی طاقت پر اعتماد کرتے ہوئے جمہوری عمل میں حصہ لیا۔

مزید پڑھیے: آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی، عوام نے مسترد کر دیا، رانا ثنا اللہ

ان کا کہنا تھا کہ حالات جیسے بھی تھے یا پیدا کیے گئے، ان کے باوجود یہ ٹرن آؤٹ کم نہیں اور عوام نے انتخابی عمل میں شرکت کرکے درست فیصلہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp