آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی، عوام نے مسترد کر دیا، رانا ثنا اللہ

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جس میں 20 نشستوں پر پولنگ ہوئی اور مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ مظفرآباد ڈویژن کی 9 میں سے 7 نشستوں پر پولنگ مکمل ہوئی، جبکہ ایل اے 27 اور ایل اے 28 کے 54 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ملتوی ہونے کے باعث اب یہ عمل پیر کو مکمل ہوگا۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے امیدوار پہلی بار اسمبلی میں پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کی 7 نشستوں میں سے 4 پر مسلم لیگ (ن) جبکہ 3 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی 2 نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام کو حق رائے دہی کے استعمال کا مکمل موقع ملا، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی، جسے عوام نے مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے وعدے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں اپنے تمام وعدے پورے کرے گی اور خطے میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں میں سے 10 پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر پارٹی 45 رکنی قانون ساز اسمبلی میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مبارکباد پیش کی۔

مزید پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ: مسلم لیگ ن نے 14پر میدان مار لیا، پیپلزپارٹی 5 سیٹوں پر کامیاب

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جمہوری عمل کے ذریعے نئی حکومت تشکیل پائے گی، جو عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو جن نشستوں پر کامیابی ملی ہے، اسے بھی عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں شکست کے بعد دھاندلی کا بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی گئی، لیکن جب الزامات کے ثبوت طلب کیے گئے تو یہ دعوے محدود ہوتے گئے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج پر کسی بھی قسم کے اعتراض کا آئینی اور قانونی فورم الیکشن کمیشن ہے۔ اگر کسی حلقے میں بے ضابطگی کی شکایت ہو تو الیکشن کمیشن قانون کے مطابق دوبارہ گنتی یا ری پولنگ کا حکم دے سکتا ہے، اس لیے سیاسی بیانات کے بجائے قانونی راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بیشتر حلقوں میں کانٹے دار مقابلہ ہوا اور کئی نشستوں پر کامیابی کا مارجن انتہائی کم رہا، تاہم اس کے باوجود مجموعی انتخابی عمل شفاف رہا اور ووٹروں نے بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر: انتخابات 3 مرحلوں میں کرانے کے فیصلے سے سیاسی منظر نامہ تبدیل، کس جماعت کو فائدہ ہوگا؟

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مظفرآباد سٹی کی نشست پر مبینہ بے ضابطگیوں اور ہنگامہ آرائی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) اپنے تحفظات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقات میں بے ضابطگیاں ثابت ہوئیں تو ری پولنگ کی درخواست دی جائے گی، جبکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں حکومت سازی، قائد ایوان کے انتخاب اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حاصل ہونے والی کامیابی صرف مسلم لیگ (ن) کی نہیں بلکہ جمہوریت کی کامیابی ہے۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت کی رِٹ قائم ہوئی اور الیکشن کمیشن نے اپنی بھرپور کوششوں اور محنت سے انتخابات کامیابی کے ساتھ منعقد کرائے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل مسلسل یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ پولنگ نہیں ہو سکے گی، تاہم تمام خدشات غلط ثابت ہوئے اور انتخابی عمل پرامن انداز میں مکمل ہوا۔

مزید پڑھیں:راولاکوٹ کے عوام محب وطن ہیں، آئیں مذاکرات سے مسئلہ حل کریں، امیر مقام

امیر مقام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے میرپور اور مظفرآباد میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا، جس کا مثبت اثر عوامی حمایت کی صورت میں سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شفاف اور کامیاب انتخابات کے انعقاد میں مؤثر کردار ادا کیا، جبکہ پارٹی نے ہر انتخابی حلقے پر بھرپور توجہ دی اور کارکنوں نے بھرپور محنت سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp