مارول کے مقبول سپر ہیرو اسپائیڈر مین کی نئی فلم ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے باکس آفس پر غیرمعمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دنیا بھر میں 927 ملین ڈالر کا بزنس کر لیا ہے۔
جس کے بعد یہ ملکی اور عالمی سطح پر تاریخ کی دوسری سب سے بڑی افتتاحی فلم بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ٹام ہالینڈ ہمیشہ کے لیے اسپائیڈر مین کو الوداع کہنے والے ہیں؟
فلم نے امریکا اور کینیڈا میں ابتدائی ہفتے کے دوران 355 ملین ڈالر جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ سے 572 ملین ڈالر کمائے۔
عالمی مارکیٹ میں چین سب سے آگے رہا، جہاں فلم نے پہلے ہی ہفتے میں 121 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔
یہ فلم اداکار ٹام ہالینڈ کی بطور اسپائیڈر مین چوتھی فلم ہے، کہانی میں پیٹر پارکر ایک ایسی دنیا میں جرائم کا مقابلہ کرتا دکھائی دیتا ہے جہاں لوگ یہ بھول چکے ہیں کہ وہی اسپائیڈر مین ہے۔
'Spider-Man: Brand New Day' Swings to Mind-Blowing $355 Million Debut, Second-Biggest Opening Weekend in Box Office History https://t.co/xjovVOJTHr
— Variety (@Variety) August 2, 2026
فلم میں زینڈایا نے ایک بار پھر ایم جے کا کردار ادا کیا ہے، جو پیٹر پارکر کی محبوبہ ہے۔
سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کے موشن پکچر گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو ٹام روتھ مین کے مطابق فلم بنیادی طور پر دوستی، انسانی تعلق اور ایک دوسرے سے جڑے رہنے کی اہمیت پر مبنی ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے ہر عمر کے ناظرین اس سے خود کو جوڑ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسپائیڈر مین میں آواز کا جادو جگانے والے وائس آرٹسٹ الیکزس اورٹیگا انتقال کرگئے
باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق یہ فلم کورونا وبا کے بعد شمالی امریکا میں سب سے بڑی افتتاحی کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر صرف ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ اس سے آگے ہے، جس نے 2019 میں ریلیز کے پہلے ہفتے میں عالمی سطح پر تقریباً 1.6 ارب ڈالر کی کمائی کی تھی۔
فلم کو ناقدین اور شائقین دونوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ فلمی جائزوں کی ویب سائٹ روٹن ٹومیٹو پر اسے ناقدین کی جانب سے 90 فیصد جبکہ ناظرین کی جانب سے 98 فیصد پسندیدگی حاصل ہوئی ہے، جو اس کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
'Spider-Man: Brand New Day' Swings to $927 Million Global Debut, Sets Box Office Record#SpiderMan #BrandNewDay #BoxOffice #Marvel #DailySun pic.twitter.com/5GV2vXaJsU
— Daily Sun (@dailysunbd) August 3, 2026
تفریحی صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ برسوں میں سپر ہیرو فلموں کی مقبولیت میں کچھ کمی دیکھی گئی، تاہم اسپائیڈر مین کا کردار آج بھی دنیا کے پسندیدہ ترین مارول کرداروں میں شامل ہے۔
ماہر پال ڈرگارابیڈین کے مطابق اسپائیڈر مین فلموں کی مجموعی عالمی کمائی اب 10 ارب ڈالر کے سنگِ میل کے قریب پہنچ چکی ہے، جو اس کردار کی مستقل مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔
تفریحی تحقیقی ادارے کے سربراہ گریگ ڈرکن کے مطابق فلم میں تنہائی، ذہنی دباؤ، دوستی اور مشکلات پر قابو پانے جیسے موضوعات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے، جس نے خاص طور پر نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زیڈ کے ناظرین کو متاثر کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کیا ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ مارول کی سب سے جذباتی اور یادگار فلم بننے جا رہی ہے؟
اس کامیابی نے موسمِ گرما کے سنیما بزنس کو مزید تقویت دی ہے، ٹوائے استوری 5 اور دی اوڈیسی جیسی بڑی فلموں کی کامیابی کے ساتھ نئی اسپائیڈر مین فلم نے امریکی سنیما گھروں میں تاریخ کا سب سے بڑا مشترکہ افتتاحی ویک اینڈ رقم کیا ہے۔
تاہم مجموعی طور پر امریکی باکس آفس کی آمدنی اب بھی کورونا سے پہلے کے 2019 کے مقابلے میں تقریباً 16 فیصد کم ہے، اگرچہ رواں سال کی کمائی گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔












