قومی فٹ بال ٹیم کی گول کیپر شمائلہ ستار گرفتار، جناح ہاؤس حملے میں ملوث نکلیں

اتوار 18 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی فٹبال ٹیم کی گول کیپرشمائلہ ستار کو گرفتار کرلیا گیا ہے، وہ بھی جناح ہاؤس حملے میں ملوث نکلیں۔ انوسٹی گیشن پولیس نے قومی کھلاڑی شمائلہ ستارکو لاہورسے گرفتارکرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ شمائلہ ستار 9مئی کوجناح ہاؤس کےباہرتوڑپھوڑمیں ملوث  پائی گئیں۔ پولیس نے شمائلہ ستارکوجیوفنسنگ کی حتمی فہرست میں نام آنے پرحراست میں لیا۔

قومی فٹبالرشمائلہ ستارکی گرفتاری کےلیے ان کی رہائش گاہ پرچھاپہ مارا گیا۔ جناح ہاؤس کے باہرلگے کیمروں اورموبائل فوٹیجز سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ شمائلہ ستار فٹبال کی قومی ٹیم میں بطورگول کیپرنمائندگی کررہی ہیں۔

ملزمہ شمائلہ ستارکوگرفتارکرنے کے بعد جوڈیشنل ریمانڈپرجیل منتقل کردیاگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شمائلہ ستارسے جیل میں شناخت پریڈ کا عمل مکمل کیاجائے گا۔

پولیس نے جناح ہاؤس حملے کا مقدمہ دہشتگردی سمیت سنگین دفعات کےتحت درج کررکھا ہے۔

 یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد میں گرفتاری کے خلاف  تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے احتجاجی مظاہرین نے لاہور میں واقع جناح ہاؤس پر بھی حملہ کردیا تھا، اسے مکمل طور پر توڑنے پھوڑنے کے بعد نذرآتش کردیا تھا۔ جس کے بعد جیو فینسنگ کے ذریعے بڑی تعداد میں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتاریوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

جناح ہاؤس تاریخ کے آئینے میں

’جناح ہاؤس لاہور‘ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی میں ذاتی جائیداد کے نام سے مشہور ہے ۔ قائداعظم محمد علی جناح نے یہ پراپرٹی 1943 میں موہن لعل بھاسن سے خریدی تھی جو اس زمانے میں برطانوی فوج کے زیراستعمال تھا۔
مؤرخین کا کہنا ہے کہ: ’بابائے قوم کی یہ رہائش گا ’پاک و ہند‘ کی تقسیم سے پہلے برطانوی فوجی حکام کے استعمال کے لیے حاصل کی گئی تھی۔ رہائش گاہ کو 31 جنوری 1948 کو ڈی ریکوزیشن کرکے قائد اعظم کے نمائندے سید مراتب علی کی تحویل میں دیا گیا تھا۔‘.

موجودہ دور میں بھی ’جناح ہاؤس‘ میں قائداعظم محمد علی جناح کے استعمال کی نادر و نایاب اشیاء سنبھال کر رکھی گئی تھیں۔
بابائے قوم کی کثیر تاریخی تصاویر، زیر استعمال صوفہ سیٹ، سنوکر ٹیبل، کرسیاں، سگاردان، گلدان، بستر، جوتے اور کپڑوں سمیت 1500 سے زیادہ تاریخی نوادرات ’جناح ہاؤس‘ کے تین مختلف کمروں کی زینت رہی ہیں۔

تمام تر نوادرات جلا کرخاکسترکردیے گئے

سیاسی مبصرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ: ’یہ سب کچھ 9 مئی سے قبل تک بالکل محفوظ تھا لیکن بعض ہنگامہ آرائی کرنے والے ’شر پسندوں‘ کے دنگا فساد کے دوران قائدِ اعظم محمد علی جناح کی تمام تر نوادرات جلا کرخاکسترکردیے گئے اور پورے گھر کو آگ کے شعلوں کے سپرد کر دیا گیا۔‘
’جناح ہاؤس‘ کی باقی ماندہ اشیاء میں فقط جلی ہوئی چند دیواریں اور قائداعظم محمد علی جناح کا ادھ جلا پاسپورٹ بھی شامل ہے جو پوری قوم سے اپنے بانی کی یادگاروں سے اس اندھے سلوک کے بارے سوال کرتا رہے گا۔
مشتعل ’شر پسندوں‘ نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ بابائے قوم کی اس تاریخی رہائش گاہ پر حملہ کیا اور اس میں موجود سارے سامان کو نا صرف تباہ کیا بلکہ یہاں لوٹ بھی کی۔
۹ مئی کو ’سیاسی بلوائیوں‘ اور’شرپسندوں‘ نے ’جناح ہاؤس‘ کو جلا کرپاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب رقم کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp