‘اڑان پاکستان’ وژن کے تحت نوجوانوں کے لیے نیا ملی نغمہ جاری

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر نوجوانوں کے نام ایک ترغیبی نغمہ جاری کیا ہے، جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

نغمہ علامہ محمد اقبال کے فلسفۂ خودی اور شاہین کے تصور سے متاثر ہے اور اسے نوجوان نسل کے لیے خصوصی پیغام قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کے 79ویں یوم آزادی پر جواد احمد کا ملی نغمہ جاری

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، اسی لیے یہ نغمہ ان کے نام منسوب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے قوموں کی ترقی کا راز نوجوانوں کے اعتماد، مضبوط کردار، علم اور اپنی صلاحیتوں پر غیرمتزلزل یقین میں پوشیدہ قرار دیا تھا۔

وزیر منصوبہ بندی نے اپنے پیغام میں علامہ اقبال کا خودی سے متعلق معروف شعر نقل کرتے ہوئے کہا کہ یہی فلسفہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور انہیں بروئے کار لانے کی ترغیب دیتا ہے۔

انہوں نے اقبال کے تصورِ شاہین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاہین بے خوف، بلند حوصلہ اور آزادی کی علامت ہے، جو کبھی معمولی معیار پر اکتفا نہیں کرتا بلکہ ہمیشہ بلند منزلوں کی جانب پرواز کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک چین 75 سالہ دوستی پر خصوصی پشتو نغمہ 20 مئی کو ریلیز ہوگا

اس ضمن میں انہوں نے اقبال کا شعر ’تو شاہیں ہے، پرواز ہے کام تیرا، ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں‘ بھی اپنے پیغام کا حصہ بنایا۔

’آج پاکستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو مایوسی کے بجائے امید، جمود کے بجائے جدت اور بہانوں کے بجائے محنت کا راستہ اختیار کریں۔‘

مزید پڑھیں: یومِ آزادی معرکہ حق کا جوشیلہ ملی نغمہ ’منہ توڑ‘ جاری

احسن اقبال کے مطابق حکومت ’اڑان پاکستان‘ کے وژن کے تحت ایسا مستقبل تشکیل دے رہی ہے جو علم، ٹیکنالوجی، اختراع، کاروباری مواقع اور نوجوانوں کی صلاحیتوں پر استوار ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نغمہ نوجوانوں میں خودی کی طاقت بیدار کرنے، شاہین کی مانند بلند پرواز کا جذبہ پیدا کرنے اور ایک مضبوط، خوشحال اور متحد پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp