امریکا نے ویزا بانڈ پروگرام مستقل کر دیا، پاکستان مستثنیٰ قرار

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا نے وزیٹر ویزا کے حصول کے لیے بعض ممالک کے شہریوں پر 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کی قابلِ واپسی مالی ضمانت یعنی ویزا بانڈ جمع کرانے کی شرط مستقل طور پر نافذ کر دی ہے۔

تاہم اس ضمن میں اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان ان 50 ممالک کی فہرست میں شامل نہیں جن پر یہ پروگرام لاگو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے طلبا اور غیر ملکی صحافیوں کے لیے ویزا قوانین سخت کردیے

امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے والی فہرست کے مطابق جنوبی ایشیا میں بنگلہ دیش اور نیپال اس پروگرام میں شامل ہیں، جبکہ پاکستان اور بھارت اس سے مستثنیٰ ہیں۔

افغانستان اور ایران کو بھی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ امریکا کے ان ممالک کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات موجود نہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ 2025 میں شروع کیے گئے آزمائشی ویزا بانڈ پروگرام کے جائزے کے بعد کیا گیا، جس سے شریک ممالک کے شہریوں کی جانب سے ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد اوور اسٹے یعنی غیرقانونی قیام کے واقعات میں نمایاں کمی آئی اور امریکی امیگریشن قوانین کی بہتر پابندی دیکھنے میں آئی۔

انہی نتائج کی بنیاد پر پروگرام کو مستقل شکل دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا نے 50 ممالک کے لیے ویزا قوانین مزید سخت کردیے

محکمہ خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ان 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے 45 ہزار 488 افراد نے ویزا کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام کیا تھا، جبکہ آزمائشی پروگرام کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران اوور اسٹے کے واقعات 50 سے بھی کم رہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویزا بانڈ کی شرط کے باعث ویزا درخواستوں کی تعداد میں بھی کمی آئی، کیونکہ بعض درخواست گزار ضمانتی رقم جمع کرانے سے گریز کرتے ہوئے خود ہی درخواست نہیں دیتے۔

سفارتی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل نہیں جن پر یہ پروگرام لاگو ہوگا۔

یہ پروگرام ان ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوگا جو امریکی بی 1 (کاروباری) یا بی 2 (سیاحتی) ویزا کے لیے درخواست دیں گے۔

نئی پالیسی کے تحت امریکی قونصلر افسران ضرورت محسوس ہونے پر منتخب درخواست گزاروں سے ویزا جاری کرنے سے قبل 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک کی قابلِ واپسی ضمانتی رقم طلب کر سکیں گے۔

مزید پڑھیں: H-1B لاٹری سسٹم ختم، امریکا نے ورک ویزا دینے کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا

نئے ضوابط کے تحت آزمائشی پروگرام کو مستقل حیثیت دی گئی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ ضمانتی رقم 15 ہزار ڈالر سے بڑھا کر 20 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ آزمائشی پروگرام میں موجود 5 ہزار ڈالر کی کم از کم ضمانتی رقم کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

اس پروگرام میں شامل 50 ممالک میں افریقہ کے 30 ممالک کے علاوہ ایشیا، کیریبین اور بحرالکاہل کے متعدد ممالک شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا کا ویزا بانڈ پالیسی کا دائرہ مزید وسیع، وینزویلا سمیت 25 نئے ممالک فہرست میں شامل

امریکی حکام کے مطابق اگر ویزا ہولڈر تمام شرائط کی پابندی کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر امریکا سے واپس چلا جائے تو جمع کرائی گئی ضمانتی رقم مکمل طور پر واپس کر دی جائے گی،

تاہم ویزا کی خلاف ورزی یا مقررہ مدت سے زیادہ قیام کی صورت میں یہ رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔

محکمہ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ویزا بانڈ کی شرط متعلقہ ممالک کے تمام درخواست گزاروں پر خودکار طور پر لاگو نہیں ہوگی، بلکہ ہر درخواست کا انفرادی بنیاد پر جائزہ لینے کے بعد امریکی قونصلر افسر فیصلہ کریں گے کہ آیا کسی درخواست گزار سے مالی ضمانت طلب کرنا ضروری ہے یا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp