پورٹ آف اسپین ٹیسٹ : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز1-1 سے برابر کردی

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے، پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دیا گیا 75 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 23.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ، ویسٹ انڈیز میں 49 سال پرانا پاکستانی ریکارڈ توڑ دیا

اس سے قبل پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 344 رنز بنائے، جس میں جسٹن گریوز 73 اور روسٹن چیز 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ برینڈن کنگ نے 46 اور شائی ہوپ نے 29 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 جبکہ محمد علی، عبید شاہ اور علی عثمان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کی شاندار ناقابل شکست 160 رنز، بابر اعظم کے 88 اور اذان اویس کے 55 رنز کی بدولت 387 رنز بنائے اور پہلی اننگز میں 43 رنز کی برتری حاصل کی۔ ساجد خان نے 30 اور محمد رضوان نے 18 رنز اسکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویرکن نے 6 جبکہ شمر جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ2027 کوالیفائر کی تاریخوں کا اعلان، ویسٹ انڈیز کی براہِ راست رسائی خطرے میں

43 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کیوم ہوج 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ روسٹن چیز نے 17، ٹیگنرائن چندرپال نے 17 اور شائی ہوپ نے 15 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے علی عثمان اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

75 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا، امام الحق 9 اور اذان اویس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم عبداللہ شفیق 24 اور کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو آسان فتح دلا دی۔

عبداللہ شفیق کو پہلی اننگز میں ناقابل شکست 160 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp