عبداللہ شفیق کی شاندار بیٹنگ، ویسٹ انڈیز میں 49 سال پرانا پاکستانی ریکارڈ توڑ دیا

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور 49 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ 1977 کے بعد کیریبین سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔

کوئنز پارک اوول میں شاندار بلے بازی

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے تحت کوئنز پارک اوول میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز عبداللہ شفیق نے پختہ مزاجی اور تکنیکی مہارت کا بہترین مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹیسٹ: عبداللہ شفیق کی سینچری، بابراعظم 86 رنز پر ناٹ آؤٹ، پاکستان مضبوط پوزیشن میں

انہوں نے ویسٹ انڈیز کے بولنگ اٹیک کا پراعتماد انداز میں سامنا کیا اور 160 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ان کی اس طویل اور پرعزم اننگز میں 15 دلکش چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

مشکل وکٹ پر ان کی تحمل مزاج بیٹنگ نے نہ صرف پاکستان کو میچ میں مضبوط پوزیشن دلائی بلکہ کیریبین بولرز کو بھی طویل عرصے تک دباؤ میں رکھا۔

ماجد خان کا 1977 کا ریکارڈ

پاکستانی بیٹرز کے لیے ویسٹ انڈیز کی سرزمین ہمیشہ سے ایک کٹھن امتحان رہی ہے جہاں تیز رفتار پچز، باؤنس اور میزبان بولرز کا سامنا کرنا بڑا چیلنج سمجھا جاتا ہے۔

1977 کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی کیریبین سرزمین پر 150 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔

مزید پڑھیں:ورلڈ کپ 2023: کئی پاکستانی کرکٹرز بخار میں مبتلا، عبداللہ شفیق قرنطینہ میں چلے گئے

آخری بار یہ اعزاز لیجنڈری بیٹر ماجد خان نے 1977 میں گیانا کے مقام پر 167 رنز کی اننگز کھیل کر حاصل کیا تھا، جسے اب تقریباً نصف صدی بعد عبداللہ شفیق نے دوبارہ دہرایا ہے۔

دفاع اور جارحانہ بیٹنگ کا بہترین امتزاج

عبداللہ شفیق کی یہ اننگز محض ایک ذاتی سنگِ میل نہیں بلکہ ٹیم کی ضرورت کے عین مطابق تھی۔ ایک اینڈ کو سنبھال کر کھیلنے کی حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان کو ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے کا موقع ملا۔

ان کی بیٹنگ میں دفاع اور جارحیت کا جو متوازن امتزاج نظر آیا، وہ روایتی اور معیاری ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین مثال ہے، جس نے ثابت کر دیا کہ وہ مشکل حالات میں ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی دکھانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp