پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) کو ایک ماہ سے زائد عرصے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق، پہلے یہ امتحان 16 اگست کو منعقد ہونا تھا، تاہم اب اسے 20 ستمبر کو لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے ڈاکٹر بننے کے خواہشمند طلبہ کے لیے خوشخبری، ایم ڈی کیٹ کے پاسنگ مارکس میں کمی کردی گئی
کونسل کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر کیا گیا ہے تاکہ امتحان کا انعقاد شفاف، محفوظ، منظم اور بلا رکاوٹ انداز میں یقینی بنایا جا سکے، جبکہ تمام امیدواروں کو بہتر سہولت بھی فراہم ہو۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا کہ امتحان سے متعلق دیگر تمام شرائط، قواعد و ضوابط اور انتظامات بدستور برقرار رہیں گے، جب تک کہ اس حوالے سے کوئی نیا باضابطہ اعلان جاری نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ نصاب یکجا کرکے ایم ڈی کیٹ پیپر بنایا ہے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال
کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات، ہدایات اور امتحان سے متعلق کسی بھی نئی پیش رفت کے لیے پی ایم ڈی سی کی سرکاری ویب سائٹ اور دیگر سرکاری ذرائع سے باقاعدگی سے رابطے میں رہیں۔














