وائٹ ہاؤس کو امریکا کے ادارے برائے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائی کی تشہیر کے لیے مشہور و معروف سپر ہیرو ‘اسپائیڈر مین’ کا استعمال کرنے پر شدید ردِعمل اور تنقید کا سامنا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ایک ملٹی تصویر (کیروسل) پوسٹ کی پہلی تصویر میں اسپائیڈر مین کے ہاتھ سے جالا نکلتے دکھایا گیا، جبکہ اگلی دو تصاویر میں صرف جالا نظر آتا ہے۔ سیریز کی آخری تصویر میں متعدد افراد کو اس جالے میں پھنسے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس پر لکھا ہے’جرائم پیشہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو پکڑا جائے گا اور ملک بدر کیا جائے گا۔‘
اس پوسٹ کے ساتھ کیپشن تحریر کیا گیا’ آپ کا ہمدرد اور پڑوسی آئی سی ای ایجنٹ‘ (Your friendly neighborhood ICE agents) جو کہ اسپائیڈر مین کے مشہور عالم ڈائیلاگ کا ایک تحریف شدہ روپ ہے۔
یہ بھی پڑھیے صرف 6 دن میں ایک ارب ڈالر! کیا ’اسپائیڈر مین‘ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی؟
یہ متنازع پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند دن قبل ہی اسپائیڈر مین سیریز کی نئی فلم نے امریکا اور کینیڈا کے باکس آفس پر آمدنی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس سپر ہیرو کو سیاسی و حکومتی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے پر اسپائیڈر مین کے مداحوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک برہم مداح نے لکھا ’ ویسے آپ کی اطلاع کے لیے بتاتا چلوں کہ اسپائیڈر مین خود بذاتِ خود ڈونلڈ ٹرمپ کو گرفتار کر لیتا۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’ اس معاملے میں اسپائیڈر مین کو ہرگز گھسیٹنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘ جبکہ ایک دوسرے صارف کا کہنا تھا ’مجھے امید ہے کہ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر مارول وائٹ ہاؤس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا۔‘
فلم کا باکس آفس پر تاریخی معرکہ
یہ تنازع ایک ایسے وقت میں ابھرا ہے جب فلم ‘اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے’ نے عالمی سطح پر ٹکٹوں کی فروخت سے 932 ملین ڈالر کا خطیر بزنس کیا ہے، جو کہ سنیما کی تاریخ کا دوسرا بڑا افتتاح ہے۔
یہ بھی پڑھیے کیا ٹام ہالینڈ ہمیشہ کے لیے اسپائیڈر مین کو الوداع کہنے والے ہیں؟
یہ اس سلسلے کی چوتھی فلم ہے جس میں اداکار ٹام ہالینڈ نے اسپائیڈر مین کا مرکزی کردار نبھایا ہے۔ فلم کی کہانی پیٹر پارکر کے گرد گھومتی ہے جو ایک ایسی دنیا میں جرائم کا مقابلہ کر رہا ہے جہاں سب بھول چکے ہیں کہ وہی اسپائیڈر مین ہے۔ فلم میں اداکارہ زیڈایا نے پیٹر پارکر کی محبوبہ ‘ایم جے’ کا کردار ادا کیا ہے۔













