آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع کی 4 نشستوں پر پولنگ کل (10 اگست) ہوگی، جس کے لیے 4 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ ان حلقوں میں مجموعی طور پر 82 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عملے، سیکیورٹی اہلکاروں اور پولنگ کے لیے ضروری سامان کی متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک منتقلی کا عمل آج شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: حویلی میں مسلم لیگ (ن) کا بڑا انتخابی پاور شو، رانا ثنا اللہ اور امیر مقام کا حکومت سازی کا دعویٰ
تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے 3 جبکہ ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
حویلی میں سخت مقابلے کی توقع
ضلع حویلی کا انتخابی معرکہ خاص طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محسن عزیز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق باغ اور حویلی میں انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے اختتام پذیر ہو گئی۔ انتخابی مہم کے مقررہ وقت کے خاتمے کے بعد جلسے، جلوسوں سمیت ہر قسم کی انتخابی سرگرمی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
راولاکوٹ اور سدھنوتی میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان آئندہ 7 روز میں متوقع
آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر پہلے انتخابی عمل مکمل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی نے مہاجرین کی نشستیں ختم کروانے کے لیے ایکشن کمیٹی کو استعمال کیا، چوہدری طارق فاروق
انہوں نے کہا کہ آئندہ 7 روز کے دوران راولاکوٹ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں میں بھی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائےگا۔













