گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ہاتھوں امریکی صدر ٹرمپ کو شرمندگی کا سامنا

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی بعض ویڈیوز سے معروف امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ کے گانے ہٹا دیے گئے ہیں۔ وائٹ ہاؤس گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گلوکارہ کے دو گانے اپنی ویڈیوز میں استعمال کرچکا تھا۔

وائٹ ہاؤس اور ٹیلر سوئفٹ کے نمائندے نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے کی گئی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔

ٹیلر سوئفٹ نے حالیہ عرصے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا، تاہم 2024 کے صدارتی انتخابات میں انہوں نے ٹرمپ کے ڈیموکریٹک حریف اور اس وقت کی نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کی تھی۔

2020 کی انتخابی مہم کے دوران بھی سوئفٹ نے سوشل میڈیا پر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ’اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہم انہیں اپنا صدر نہیں دیکھنا چاہتے۔‘

یہ بھی پڑھیے ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ٹیلر سوئفٹ کی جعلی تصاویر کیوں شیئر کیں؟

ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد مواقع پر ٹیلر سوئفٹ کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ سوئفٹ کی جانب سے کملا ہیرس کی حمایت کے بعد ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا، ’مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے!‘

گزشتہ برس بھی ٹرمپ نے سوئفٹ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کیا کسی نے محسوس کیا ہے کہ جب سے انہوں نے کہا ہے’مجھے ٹیلر سوئفٹ سے نفرت ہے‘، تب سے وہ پہلے جیسی ’ ہاٹ ‘ نہیں رہیں؟

ٹیلر سوئفٹ کے علاوہ درجنوں معروف فنکار، جن میں صابرینا کارپنٹر اور اریانا گرانڈے بھی شامل ہیں، ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ ان کے گانے استعمال نہ کیے جائیں۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹرمپ کی انتخابی مہم نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ٹیلر سوئفٹ کے دو گانے استعمال کیے۔ ان میں سے ایک ویڈیو میں سوئفٹ کے معروف گانوں کے نام اور بول سیاسی طنز کے انداز میں استعمال کیے گئے۔

ویڈیو میں کیپشن کے ذریعے سوئفٹ کے گانوں ’ Red ‘، ’ Everything Has Changed ‘، ’ We Are Never Ever Getting Back Together‘اور ’ The Last Time ‘ کے عنوانات کو ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کے حوالے سے تبدیل شدہ پیغامات کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔

مثلاً ویڈیو میں ’ Red ‘ کو ’ Red (Donald Trump’s Version)‘ جبکہ ’’Everything Has Changed‘کو جنوبی سرحد پر ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے حوالے سے استعمال کیا گیا۔ اسی طرح ’ We Are Never Ever Getting Back Together‘کو بائیڈن۔ہیرس انتظامیہ اور’The Last Time‘کو صدر کے منصب پر آٹوپن کے ذریعے فیصلے کیے جانے کے حوالے سے طنزیہ انداز میں پیش کیا گیا۔

جون میں بھی ٹرمپ کی انتخابی مہم نے مختصر ویڈیوز کے پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں ٹیلر سوئفٹ کا نئی فلم ’ Toy Story 5‘کے لیے گایا گیا گانا’I Knew It, I Knew You‘استعمال کیا گیا۔

اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’ @President Donald J Trump سے بڑھ کر کوئی بھی ہمارے ملک اور امریکی عوام سے محبت نہیں کرتا۔‘

ویڈیو میں ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں بچوں کے ساتھ ملاقات کرتے، یو ایف سی مقابلے میں رقص کرتے اور ایک سیاسی ریلی میں شرکت کرتے دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے ٹیلر سوئفٹ اب پُرکشش نہیں رہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کیوں کہا؟

یہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ٹرمپ انتظامیہ یا ان کی انتخابی مہم کی جانب سے ٹیلر سوئفٹ کے کسی گانے کے استعمال کا تیسرا واقعہ تھا۔

اپریل میں وائٹ ہاؤس نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں آرٹیمس ٹو مشن کے عملے کو ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کرتے دکھایا گیا تھا۔ یہ ملاقات ایک روز قبل ہوئی تھی۔ ویڈیو میں سوئفٹ کا گانا ’ High Infidelity‘استعمال کیا گیا اور اس کے بول’کیا آپ واقعی جاننا چاہتے ہیں کہ میں 29 اپریل کو کہاں تھی؟‘ بھی شامل تھے۔

وائٹ ہاؤس نے نومبر میں بھی ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں سوئفٹ کے البم ’ The Life of a Showgirl ‘ میں شامل گانا’The Fate of Ophelia‘استعمال کیا گیا۔ یہ البم اس سے ایک ماہ قبل ریلیز ہوا تھا۔

ویڈیو میں امریکی پرچم، تاریخی یادگاروں اور صدر ٹرمپ کی مختلف تصاویر دکھائی گئی تھیں، جن میں 2023 میں گرفتاری کے وقت لی گئی ان کی مگ شاٹ تصویر بھی شامل تھی۔

اس ویڈیو پر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا تھا، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے متعدد ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ یہ ویڈیو اس لیے تیار کی گئی کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ جانتی تھی کہ نیوز میڈیا ان تصاویر اور ویڈیو کو ’ بے تابی سے بڑھا چڑھا کر پیش کرے گا ‘۔

سوشل میڈیا پر غیر معمولی طور پر فعال ٹرمپ کی کمیونیکیشن ٹیم اس سے قبل بھی متعدد مقبول گانوں کو صدر ٹرمپ کی مختلف سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ استعمال کرچکی ہے۔ ان میں ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن کے خلاف کریک ڈاؤن، ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں اور وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق مواد بھی شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp