آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، ن لیگ کو 2 حلقوں میں برتری، سابق وزیراعظم سردار عتیق کو شکست

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر میں انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جبکہ مختلف حلقوں سے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

10 اگست کو آزاد کشمیر کے ضلع باغ کی 3 اور حویلی کہوٹہ کی ایک نشست پر انتخابات ہوئے، جہاں 82 امیدوار میدان میں تھے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں انتخابات کا تیسرا مرحلہ، پونچھ ڈویژن کے 4 حلقوں میں پولنگ جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

حلقہ ایل اے 14 باغ ایک

ایل اے 14 باغ ایک کے تمام 214 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق عوامی دست و بازو کے امیدوار 40 ہزار 474 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ سابق وزیراعظم سردار عتیق 19 ہزار 234 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تیسرے مرحلے کے انتخابات کا یہ سب سے بڑا اپ سیٹ ہے کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان (مرحوم) کے فرزند سابق وزیراعظم سردار عتیق اپنی آبائی سیٹ بچانے میں ناکام رہے ہیں۔

ایل اے 16 باغ 3

ایل اے 16 باغ 3 کے 186 پولنگ اسٹیشنز میں سے 84 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سردار میر اکبر خان 9 ہزار 243 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

پیپلزپارٹی کے سردار قمرالزمان خان 7 ہزار 144 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے 15 باغ 2

ایل اے 15 باغ 2 کے 213 پولنگ اسٹیشنز میں سے 45 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے سردار ضیاالقمر 5 ہزار 200 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے مشتاق احمد منہاس 2 ہزار 244 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

مزید پڑھیں: انتخابات شفاف ہوئے، دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

ایل اے 17 باغ 4

ایل اے 17 حویلی کہوٹہ کے 150 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چوہدری محسن عزیز 31 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور 24 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ فیصل ممتاز راٹھور الیکشن جیت چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp