شنگھائی کی ایک چینی کمپنی نے دماغ میں پیوند لگانے کا ایسا نیا طریقہ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے ذریعے کھوپڑی کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور پیوندکاری کا عمل صرف 10 منٹ میں مکمل کیا جاسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں مردہ خاتون کے رحم کی پیوندکاری سے پہلی بار بچے کی پیدائش
چینی کمپنی اسٹیر میڈ ٹیکنالوجی کے مطابق اس طریقے میں آلہ گردن کی ایک رگ کے ذریعے جسم میں داخل کیا جائے گا اور خون کی نالیوں کے راستے دماغ تک پہنچایا جائے گا۔ کمپنی کے شریک بانی ژاؤ ژینگ تو کے مطابق آلہ دماغی بافتوں کے اندر نصب ہونے کے بجائے خون کی نالی کی بیرونی دیوار کے ساتھ نصب ہوگا۔
شنوو اسپتال سے وابستہ ڈاکٹر دوان وان رو کے مطابق درمیانے درجے کی مہارت رکھنے والا ماہرِ جراحی بھی یہ عمل تقریباً 10 منٹ میں مکمل کرسکتا ہے۔ اس کے برعکس بعض دیگر دماغی پیوندکاری کے طریقوں میں کھوپڑی کھولنے اور برقی آلات نصب کرنے کے لیے تقریباً 2 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھین: اکثر افراد کو درپیش ’دماغی دھند‘ کیا ہے، قابو کیسے پایا جائے؟
رپورٹ کے مطابق اسٹیر میڈ نے گزشتہ ایک سال کے دوران سرمایہ کاروں سے 1.1 ارب یوآن سے زائد، یعنی تقریباً 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر حاصل کیے ہیں، جن میں چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔

تاہم کمپنی کے دعوے کے باوجود یہ ٹیکنالوجی ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے۔ آلہ فی الحال بھیڑوں پر آزمایا جارہا ہے اور انسانوں پر اس کے طبی تجربات شروع نہیں ہوئے، اس لیے 10 منٹ میں پیوندکاری کا دعویٰ ابھی عملی طور پر ثابت ہونا باقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا بار بار اعضا کی پیوندکاری سے انسان امر ہو سکتا ہے؟شی جن پنگ اور پیوٹن کےدرمیان غیر متوقع گفتگو
دماغی پیوندکاری کے شعبے میں دیگر کمپنیاں بھی خون کی نالیوں کے ذریعے آلات دماغ تک پہنچانے پر کام کر رہی ہیں۔ امریکی اور آسٹریلوی مریضوں میں ایک دوسری کمپنی کا ایسا آلہ پہلے ہی آزمایا جاچکا ہے، تاہم اس کا آلہ خون کی نالی کے اندر رہ کر دماغی سگنلز حاصل کرتا ہے جبکہ اسٹیر میڈ کا آلہ خون کی نالی کے باہر نصب کرنے کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دماغ اور کمپیوٹر کے درمیان رابطے کے لیے استعمال ہونے والے پیوند شدہ آلات کی عالمی مارکیٹ میں تیزی سے اضافے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر پیوندکاری کا عمل مختصر اور نسبتاً آسان ہوجائے تو اسپتالوں کے لیے اس ٹیکنالوجی کو طبی نظام کا حصہ بنانا زیادہ آسان ہوسکتا ہے۔














