پاکستان کی سینیئر ہاکی ٹیم جنوبی کوریا کے خلاف 4 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی، جبکہ پاکستان وائٹس روس میں دو طرفہ سیریز میں حصہ لے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق سینیئر ٹیم دورۂ جنوبی کوریا کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 4 بین الاقوامی میچز کھیلے گی، جس سے کھلاڑیوں کو بڑے عالمی مقابلوں سے قبل مسابقتی تجربہ حاصل ہوگا۔
مزید پڑھیں:ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ، پاکستانی ٹیم شرکت کرے گی
دوسری جانب روسی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان وائٹس کو 26 اگست سے 2 ستمبر تک سیریز کے لیے مدعو کیا ہے، جس میں 3 سے 4 میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔
سینیئر ٹیم کی عدم موجودگی میں پاکستان وائٹس کی ٹیم سینیئر تربیتی کیمپ میں موجود کھلاڑیوں اور جونیئر کیمپ کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔
پی ایچ ایف کے مطابق بین الاقوامی میچز کھلاڑیوں کو ضروری تجربہ فراہم کرنے اور مستقبل کے مقابلوں کی تیاری میں مدد دیں گے۔
مزید پڑھیں:پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نیدرلینڈز روانہ
فیڈریشن نے انڈر 18، انڈر 21، خواتین اور انڈر 18 گرلز ٹیموں کے لیے بھی بین الاقوامی سرگرمیوں کا لائحہ عمل ترتیب دیا ہے، جبکہ ورلڈ کپ اور ایشین گیمز سمیت اہم ایونٹس بھی شیڈول میں شامل ہیں۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ مردوں اور خواتین کی سینیئر و جونیئر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے بین الاقوامی مقابلوں کے مواقع فراہم کرنا مقصد ہے۔













