ناروے کے وزیر خارجہ پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے، شیڈول جاری

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے 13 اور 14 اگست کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، یہ ایک دہائی کے بعد ناروے کے کسی وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جن میں پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

مذاکرات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ اس سلسلے میں تجارت و سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں کو خصوصی اہمیت دی جائےگی۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل جاری اعلیٰ سطحی روابط کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں مارچ اور اپریل 2026 میں پاکستان اور ناروے کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے بھی ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ ناروے کے اسٹیٹ سیکریٹری اینڈریاس موٹزفیلڈٹ کراوک نے مئی 2026 میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

وزارت خارجہ کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور ناروے کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرےگا، جبکہ دونوں ممالک باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش بھی کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp