پاکستان کی قومی ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں کل پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف 3 روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔
یہ میچ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے انگلینڈ کی کنڈیشنز سے مزید ہم آہنگ ہونے اور میچ پریکٹس حاصل کرنے کا اہم موقع ہوگا۔ ٹیم مینجمنٹ اس میچ کے دوران کھلاڑیوں کی فارم، فٹنس اور ٹیسٹ میچ کے لیے تیاری کا جائزہ لے گی جبکہ بہترین ٹیم کمبی نیشن تشکیل دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ: سعود شکیل کی کپتانی میں اسکواڈ کا اعلان
پاکستانی ٹیم بیکن ہیم میں کینٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب میں تربیتی سیشنز میں مصروف ہے۔ تیاریوں کے تیسرے روز اختیاری تربیتی سیشن میں اویس ظفر، اذان اویس، غازی غوری، محمد رضوان، شان مسعود، عبید شاہ، علی عثمان، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل نے حصہ لیا۔
بیٹنگ گروپ نے انڈور اور آؤٹ ڈور پریکٹس میں حصہ لیا جبکہ بلے بازوں نے نیٹ سیشن کے دوران تکنیک، شاٹ سلیکشن اور مختلف اقسام کی باؤلنگ کے خلاف اعتماد بہتر بنانے پر توجہ دی۔
وارم اپ میچ پاکستان کے لیے محض پریکٹس میچ نہیں ہوگا بلکہ کھلاڑیوں کو نیٹ پریکٹس میں کی جانے والی تیاری کو مسابقتی ماحول میں آزمانے اور انگلینڈ کی پچز پر رفتار، اچھال اور سوئنگ کا تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سیریز کے لیے انگلینڈ کے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، اسٹوکس کے بعد نئے دور کا آغاز
دوسری جانب پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے لیے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مائیک یارڈی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ سسیکس کے آل راؤنڈر ٹام ہینز ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سلیکٹ الیون میں شعیب بشیر، لوک بینکنسٹائن، کالیب فالکنر، میٹ فشر، ایمیلیو گے، ناتھن گلکرسٹ، ٹام ہینز، جوش ہل، مینی لمسڈن، جیمز ریو، جیمز سیلز، چارلی ٹیئر، نوح تھین اور سیف زیب شامل ہیں۔
تین روزہ میچ جمعرات کو بیکن ہیم میں شروع ہوگا۔














