امریکا نے آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرلیا، اسے برقرار رکھیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور اسے برقرر رکھیں گے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ امریکا کی بحری ناکہ بندی کو ہر طرف سے ’فولادی دیوار‘ قرار دیا جا رہا ہے اور ایران اس کے خلاف کچھ نہیں کرسکتا۔

ٹرمپ نے ایران کی عسکری صلاحیتوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ ایران کے پاس نہ بحریہ ہے اور نہ فضائیہ، جبکہ باقی ماندہ ایرانی فوجی تنخواہوں سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کے اہلکار فرار ہو رہے ہیں۔

امریکی صدر نے ایران کی قیادت کی صورتحال کو بھی غیر یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے پاس پیسہ نہیں ہے اور اس کی معیشت تباہ حال ہے۔

انہوں نے ایران پر جعلی خبریں پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں افراط زر کی شرح 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔

ٹرمپ نے ایران کو مشرق وسطیٰ کا بدمعاش قرار دیتے ہوئے کہاکہ اب وہ حیثیت باقی نہیں رہی۔

مزید پڑھیں: ’ آبنائے ہرمز کھولنے کا معاہدہ قریب، امریکا ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اٹھانے پر تیار‘

واضح رہے کہ ترک خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، تاہم ایران نے اس کی تردید کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp