گوگل فوٹوز کا نیا فیچر، عام تصاویر کو فلمی انداز دینے کی تیاری

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوگل فوٹوز نے تصاویر کو پرانی فلمی کیمروں اور 2000 کی دہائی کے ڈیجیٹل کیمروں جیسا انداز دینے کے لیے نئی مصنوعی ذہانت سے چلنے والی سہولت متعارف کرانی شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل فوٹوز کا بیٹری بچانے والا فیچر لانچنگ کے لیے تیار، صارفین کو بیک اپ بند کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی

موڈز نامی یہ فیچر صارفین کو صرف ایک ٹیپ کے ذریعے اپنی موجودہ تصاویر کے رنگ اور مجموعی انداز تبدیل کرنے کی سہولت دے گا۔

یہ فیچر گوگل فوٹوز کے کریئیٹ ٹیب میں موجود دیگر مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ عام فلٹرز کے برعکس موڈز تصویر پر یکساں اثر لاگو نہیں کرتا بلکہ تصویر کی روشنی اور رنگوں کا جائزہ لے کر اسی کے مطابق ایڈیٹنگ کرتا ہے۔

اس فیچر کا آئیکن بھی فلم کی ریل جیسا بنایا گیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گوگل صارفین کو روایتی فلم فوٹوگرافی جیسا تاثر دینا چاہتا ہے۔

فی الحال گوگل فوٹوز میں موڈز کے آٹھ انداز شامل کیے گئے ہیں۔ ابتدائی دو آپشنز ایئری منیملسٹ اور کرسپ 35 ایم ایم صاف، متوازن اور کلاسک رنگوں پر توجہ دیتے ہیں جبکہ 2000 سنیما اور رچ ٹیکسچرز تصاویر میں فلمی رنگوں کے ساتھ ٹیکسچر بھی شامل کرتے ہیں۔

دیگر پری سیٹس میں پنک ڈجی کیم اور ریٹرو کنٹراسٹ شامل ہیں جو سنہ 2000 کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں مقبول پوائنٹ اینڈ شوٹ کیمروں کی رنگت اور انداز کو دوبارہ تخلیق کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ باقی 2 انداز خاص طور پر رات کے وقت کھینچی گئی تصاویر کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیے: گوگل فوٹوز نے ویڈیو ایڈیٹنگ کے جدید فیچر متعارف کروا دیے

ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم اے پی کے مرر کے مطابق آرٹیم روساکوفسکی ان ابتدائی صارفین میں شامل تھے جنہیں اس فیچر تک رسائی ملی۔ انہوں نے ایکس پر اس کے مختلف پری سیٹس اور شدت کو ایڈجسٹ کرنے والے سلائیڈرز کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔

گوگل فوٹوز کی نائب صدر شمرِت بین یائر نے ایکس پر جواب دیتے ہوئے تصدیق کی کہ موڈز دنیا بھر میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہوگا تاہم اینڈرائیڈ صارفین کو یہ سہولت آئی فون صارفین سے پہلے ملے گی۔ گوگل نے ابھی اس کے اجرا کی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔

موڈز ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گوگل فوٹوز اپنی سروس میں ایک ٹیپ کے ذریعے مصنوعی ذہانت سے ہونے والی ایڈیٹنگ کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ کمپنی اس سے قبل ’آسک فوٹوز‘ اور تصاویر کے میٹا ڈیٹا میں اضافی ترمیم کی سہولیات سمیت دیگر اے آئی ٹولز بھی متعارف کرا چکی ہے۔

مزید پڑھیں: گوگل جیمنائی اور کیپ کٹ میں اشتراک، اب ایپ کے اندر ہی ویڈیو ایڈیٹنگ ممکن

نئی سہولت سے صارفین اپنی پرانی تصاویر کو بغیر کسی پیچیدہ ایڈیٹنگ کے چند لمحوں میں فلمی، ریٹرو یا پرانے ڈیجیٹل کیمرے جیسا انداز دے سکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp