مصنوعی ذہانت کے حامل پروگرام جیمنائی اور ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ کیپ کٹ کو بیک وقت استعمال کرنے والے مواد تخلیق کاروں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل نے اسمارٹ عینکیں متعارف کرا دیں، جیمنائی بھی اپڈیٹ
ماضی میں جیمنائی کے ذریعے ویڈیو کا سکرپٹ، تصور اور تصاویر تیار کرنے کے بعد ویڈیو کی کانٹ چھانٹ اور اثرات ڈالنے کے لیے کیپ کٹ ایپ کا رخ کرنا پڑتا تھا، جس سے تخلیقی عمل میں رکاوٹ آتی تھی۔
اب اس مروجہ طریقے میں ایک بڑی تبدیلی آنے والی ہے کیونکہ کیپ کٹ نے گوگل کی جیمنائی ایپ کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس سے ایڈیٹنگ اب جیمنائی میں ہی ہوگی۔
CapCut is partnering with @GeminiApp .
Soon, users will be able to edit images and videos directly within the Gemini app using CapCut’s advanced creative and editing capabilities.As creative workflows become more connected and seamless, we believe the future of creation will be… pic.twitter.com/vmbGi9PD4f
— CapCut (@capcutapp) May 21, 2026
اس شراکت داری کے تحت کیپ کٹ کی ایڈیٹنگ کی خصوصیات براہ راست جیمنائی کے اندر منتقل کردی جائیں گی تاکہ صارفین ایپ سے باہر نکلے بغیر اپنے مواد کو تیار اور بہتر بنا سکیں۔
اس نئی سہولت کی بدولت اب ویڈیو کا تصور تیار کرنے، تصاویر یا ویڈیو بنانے اور پھر اسے حتمی شکل دینے کا تمام کام ایک ہی جگہ پر ممکن ہوسکے گا۔
کیپ کٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صارفین اب جیمنائی ایپ کے اندر رہتے ہوئے کیپ کٹ کی جدید خصوصیات استعمال کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ویڈیو ایڈیٹنگ اب سب کے لیے آسان، گوگل نے صارفین کے لیے مفت دستیاب کردیا
صارفین اب جیمنائی کے اندر ہی تصاویر اور ویڈیوز کو براہ راست ایڈٹ کر سکیں گے، جس سے دونوں ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے تخلیق کاروں کے لیے وقت کی بڑی بچت ہوگی۔
ماضی میں بار بار ایپس تبدیل کرنے، فائلیں ڈھونڈنے اور نئے انٹرفیس پر جانے سے کام کی رفتار متاثر ہوتی تھی جو کہ اب نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ گوگل فوٹوز پہلے ہی صارفین کو سال کے آخر میں تیار ہونے والی یادگار ویڈیوز براہ راست کیپ کٹ میں بھیجنے کی اجازت دیتا ہے، جو ان کے مابین ابتدائی تعلق تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل کا نیا امیج جنریشن ماڈل لانچ، کیا اب اصل نقل کی پہچان ناممکن ہوجائے گی؟
دوسری جانب کیپ کٹ کی اپنی ویب سائٹ پر بھی ایسے رہنما اصول اور نمونے موجود ہیں جو تخلیق کاروں کو جیمنائی کے اندر اسکرپٹ تیار کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
کیپ کٹ نے تصدیق کی ہے کہ یہ خصوصیت بہت جلد متعارف کرا دی جائے گی، تاہم اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔













