پاکستان نے ویمنز ایشیا کپ اور 20ویں ایشین گیمز کے لیے 15،15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ مستقل کپتان فاطمہ ثنا دونوں ایونٹس میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔ وہ دی ہنڈریڈ میں مصروفیات کے باعث سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھیں۔
ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ شامل ہے۔ قومی ٹیم یکم ستمبر کو تھائی لینڈ، 5 ستمبر کو بھارت اور 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف میدان میں اترے گی۔ سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔
ایشین گیمز میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ساتھ سیڈ کیا گیا ہے اور قومی ٹیم 17 ستمبر کو ایچی کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں چوتھے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کا سامنا کرے گی۔ دیگر کوارٹر فائنلز میں بھارت کا مقابلہ جاپان، بنگلہ دیش کا چین اور سری لنکا کا ملائیشیا سے ہوگا۔
پاکستان نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں خواتین کے کرکٹ مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے تھے، جبکہ 2022 کے ایڈیشن میں ٹیم چوتھے نمبر پر رہی تھی۔ اس بار سیمی فائنل میں رسائی کی صورت میں پاکستان کا مقابلہ سری لنکا یا ملائیشیا سے ہوگا، جبکہ میڈل مقابلے 22 ستمبر کو ہوں گے۔
Pakistan Women squads announced for the Asia Cup and Asian Games 🚨
🏏 Asia Cup: 28 August to 13 September in Dubai, UAE
🏏 Asian Games: 17 to 22 September in Aichi-Nagoya, JapanRead more ➡️ https://t.co/bHDKoS31ii#BackOurGirls | #AsiaCup | #AsianGames pic.twitter.com/5WXakOpPKh
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 16, 2026
فاطمہ ثنا، منیبہ علی صدیقی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، سائرہ جبیں، ایمن فاطمہ، ایمان نصیر، امِ ہانی، طوبیٰ حسن، نشرا سندھو اور مومنہ ریاست دونوں اسکواڈز کا حصہ ہیں۔ ایشیا کپ اسکواڈ میں ناجیہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال شامل ہیں، جبکہ ایشین گیمز کے لیے عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال کو شامل کیا گیا ہے۔
ایشیا کپ کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا۔
ایشیا کپ اسکواڈ: فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی صدیقی، ناجیہ علوی، نشرا سندھو، سعدیہ اقبال، سائرہ جبیں، شوال ذوالفقار، طوبیٰ حسن، امِ ہانی، وحیدہ اختر۔
ایشین گیمز اسکواڈ: فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، حمنہ بلال، مومنہ ریاست، منیبہ علی صدیقی، نشرا سندھو، سائرہ جبیں، شوال ذوالفقار، تسمیہ روباب، طوبیٰ حسن، امِ ہانی۔














