پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے اپنے قائد کے افکار کو بھی نہیں مانتے اور ان کی کوئی سرحد نہیں، وہ کسی جگہ رک نہیں رہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے 9 مئی جیسے واقعات کیے، جبکہ پی ٹی آئی کے ایک رکن کی جانب سے علامہ محمد اقبال کے خلاف توہین آمیز گفتگو بھی کی گئی۔ یہ لوگ دو قومی نظریے کو بھی نہیں مانتے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی کا نیا استحقاق قانون آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے، اختیار ولی
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اپنے لیڈر کو قائداعظم سے بڑا لیڈر سمجھتے ہیں۔ جی ایچ کیو حملے کے ملزمان کا پی ٹی آئی سے تعلق ثابت ہوا، گرفتار افراد کی ویڈیوز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی حقیقت واضح کرتے ہیں، تاہم جی ایچ کیو حملے کے باوجود پی ٹی آئی قیادت تعلق سے انکار کرتی ہے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ ریاست مخالف بیانیے کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کیا گیا اور پی ٹی آئی نے ریاست اور فوج کے خلاف منفی بیانیہ بنایا۔ پی ٹی آئی دور میں ریاست مخالف سیاست کو فروغ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ زیارت ریزیڈنسی اور کرنل شیر خان کے مجسمے پر بھی حملے کیے گئے، چکدرہ قلعہ اور ریڈیو پاکستان پشاور کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ریڈیو پاکستان پشاور کو جلایا گیا جہاں قیام پاکستان کا اعلان ہوا تھا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی خود کو قائداعظم سے بڑا لیڈر قرار دیتے رہے، جبکہ اقبال کے خواب کا مذاق اڑانے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔
اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں چوری کے موبائل اور موٹرسائیکل بیچنے والے وزیر بن گئے ہیں، جبکہ جنگلات کاٹنے والوں کو جنگلات کی وزارتیں دی گئیں۔ صوبے میں اسپتالوں کی صورتحال بدترین ہے۔
انہوں نے کہاکہ مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگا کر عوام سے ووٹ لیے گئے، لیکن پی ٹی آئی دور میں حج اور عمرہ عوام کے لیے مزید مہنگا ہوگیا۔ 15 سال سے خیبرپختونخوا میں اقتدار رکھنے والوں سے قوم کو سوال کرنا چاہیے۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نعرے لگانے والے منشیات مافیا کو حکمران بنا بیٹھے، آئس اور منشیات کے کاروبار سے جڑے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سے پہلے مالی مشکلات کا شکار افراد آج بڑے ہوٹلوں کے مالک بن گئے ہیں، جبکہ جائیداد کی خریداری میں پی ٹی آئی کے موجودہ اور سابق ارکان کے نام سامنے آتے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہاکہ پی ٹی آئی دور میں نیب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا گیا اور پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن کو پیکیج کا حصہ بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ عوام کو نعروں سے متاثر کیا جاسکتا ہے لیکن ہمیشہ کے لیے بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ پاکستانی قوم کو پی ٹی آئی کے ایجنڈے پر غور کرنا ہوگا۔
اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے دعووں اور اقدامات میں تضاد ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے قوم کو حقیقت کا جائزہ لینا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ انقلاب کا دعویٰ کرنے والوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔













