اسرائیلی جنگی طیاروں کے شام میں فوجی ہوائی اڈے پر 4 فضائی حملے

منگل 18 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی جنگی طیاروں نے شمالی شام کے صوبے ادلب کے مشرقی دیہی علاقے میں واقع ایک غیر فعال فوجی ہوائی اڈے ابو الظہور پر چار فضائی حملے کیے۔ حملوں میں کسی جانی نقصان کی فوری طور پر اطلاع نہیں ملی۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ابو الظہور فوجی ہوائی اڈے کو مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 3 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے) نشانہ بنایا۔ حملوں کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں تاحال معلومات سامنے نہیں آسکیں۔

یہ بھی پڑھیے اسرائیلی فوج کا شام کے شمالی علاقے قنیطرہ کے 2 قصبوں پر دھاوا

شامی حکام نے بھی حملوں کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ ابو الظہور ہوائی اڈہ شمالی شام میں واقع ہے اور طویل عرصے سے غیر فعال ہے۔

شام میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے ملک کے مختلف علاقوں میں اپنی فوجی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں ہتھیاروں اور میزائلوں کے ذخائر کے علاوہ اہم فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسرائیل کو شام میں عدم استحکام سے گریز کی سخت تنبیہ

اس سے قبل بھی اسرائیل شام میں ایرانی فورسز اور حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کرتا رہا ہے۔ اسرائیل کا مؤقف رہا ہے کہ اس کی کارروائیوں کا مقصد خطے میں اپنے خلاف فوجی صلاحیتوں اور ہتھیاروں کی منتقلی کو روکنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp