اسکول کے کھانے میں نمک کی جگہ ڈٹرجنٹ، 40 طلبہ کی حالت خراب، اسپتال منتقل

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست بہار کے ضلع نالندہ میں اسکول میں کھانے کے دوران نمک کی جگہ مبینہ طور پر ڈٹرجنٹ پاؤڈر فراہم کیے جانے سے 40 طلبہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔ متاثرہ بچوں کو پیٹ میں درد اور الٹی کی شکایات کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسکول کے ایک استاد کے مطابق کھانے کے لیے فراہم کی گئی سویابین کی سبزی میں نمک کم تھا جس پر طلبہ نے مزید نمک طلب کیا۔ تاہم مبینہ طور پر غلطی سے نمک کے بجائے ڈٹرجنٹ پاؤڈر بچوں کو فراہم کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سبزی، پھلوں اور پانی کے ذریعے پہنچ کر پیٹ شدید خراب کرنے والا جرثومہ کونسا، بچا کیسے جائے؟

بچے ڈٹرجنٹ پاؤڈر سے لاعلم تھے اور اسے نمک سمجھ کر کھانے میں شامل کرلیا۔ کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد متعدد طلبہ نے پیٹ میں درد اور الٹی کی شکایت شروع کردی جس کے بعد اسکول انتظامیہ نے متاثرہ بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی بچوں کے والدین اور رشتہ دار بڑی تعداد میں اسپتال پہنچ گئے جس کے باعث وہاں تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔ ڈاکٹروں نے متاثرہ طلبہ کا فوری علاج شروع کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فلائٹ میں دیا جانے والا کھاناکتنا خطرناک ہوتا ہے؟ کیبن کریو ممبر نے حیران کن انکشافات کردیے

سول سرجن ڈاکٹر جے پرکاش سنگھ کے مطابق تمام بچے محفوظ ہیں اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ ڈٹرجنٹ پاؤڈر کھانے کے اجزا کے قریب کیسے پہنچا اور اسے غلطی سے نمک کے طور پر طلبہ کو کیوں فراہم کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے اسکول کو فراہم کیے جانے والے درمیانی کھانے کی تیاری اور تقسیم کے نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

حکام کے مطابق فی الحال تمام متاثرہ طلبہ کی حالت زیر نگرانی ہے جبکہ انتظامیہ کی توجہ بچوں کی جلد صحت یابی اور واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے پر مرکوز ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp