وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی الوداعی ملاقات

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحیٰی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے محمد یحیٰی سے ان کے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی شاندار خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی سے متعلق ترجیحات، بالخصوص موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت، پائیدار ترقی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم کی مسلسل معاونت کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا، بالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

محمد یحیٰی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے محمد یحیٰی کو اقوام متحدہ کے دفترِ رابطہ برائے انسانی امور (OCHA) میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے محمد یحیٰی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان قریبی شراکت داری مزید مضبوط ہو گی۔

اقوام متحدہ کا پاکستان کے ترقیاتی و انسانی ہمدردی کے ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

وزیراعظم کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے محمد یحیٰی نے اپنے دورِ ذمہ داری کے دوران حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں اور اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کو فراہم کیے گئے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

محمد یحیٰی نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی کے ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp