برازیل کے سابق فٹبالر روبرٹو کارلوس مسلمان ہوگئے، ترک رکن پارلیمنٹ کا دعویٰ

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برازیل کے سابق معروف فٹبالر روبرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ یہ دعویٰ ترکی کی حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ علی شاہین نے کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جارجینا نے رونالڈو سے شادی پر کتنے کروڑ کے زیورات پہنے؟ حیران کن تفصیلات سامنے آگئیں

علی شاہین نے منگل کو برازیل کے دورے کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں روبرٹو کارلوس کو اسلام قبول کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے خاندان کے لیے امن، صحت اور خوشحالی کی دعا کی۔

انہوں نے لکھا کہ عالمی اور برازیلی فٹبال کی عظیم شخصیت روبرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے کی خوشخبری انہیں شیخ جہاد حمادے نے دی جن کے بارے میں علی شاہین کا کہنا ہے کہ انہیں اسلامی دنیا کی 500 بااثر شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیے: فٹبال کے بعد ہالی ووڈ، کرسٹیانو رونالڈو اداکاری کے میدان میں اترنے کو تیار

ترک رکن پارلیمنٹ کے مطابق شیخ جہاد حمادے طویل عرصے سے روبرٹو کارلوس کے ساتھ رابطے میں تھے اور سابق فٹبالر نے انہی روابط کے دوران اسلام قبول کیا۔

شادی کے بعد اسلام قبول کرنے کی خبریں

روبرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ان کی شادی سے متعلق خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 53 سالہ سابق فٹبالر نے مراکش میں پیدا ہونے والی اور اسپین میں مقیم معروف فٹبال ایجنٹ سہیلہ اٹہیری سے شادی کی ہے۔

روبرٹو کارلوس کو فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین لیفٹ بیکس میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا بڑا حصہ اسپین کے معروف کلب ریال میڈرڈ میں گزارا جبکہ 2007 میں وہ ترکی کے بڑے فٹبال کلب فینرباہچے سے وابستہ ہوئے۔

مزید پڑھیں: برازیل اور ریئل میڈرڈ کے لیجنڈ فٹبالر روبرٹو کارلوس کو ہارٹ اٹیک، حالت اب کیسی ہے؟

تاہم روبرٹو کارلوس نے اب تک خود اپنے اسلام قبول کرنے کی خبر کی عوامی طور پر تصدیق نہیں کی۔ اس لیے ان کے مذہب تبدیل کرنے کی خبر فی الحال ترک رکن پارلیمنٹ کے دعوے اور دیگر رپورٹس کی بنیاد پر سامنے آئی ہے جس کی باضابطہ تصدیق خود سابق برازیلین فٹبالر کی جانب سے ہونا باقی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp