اے آر رحمان نے آشا بھوسلے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شاہ رخ اور سلمان خان کو اکٹھا کرلیا

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے معروف گلوکارہ آشا بھوسلے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تیار کیے جانے والے خصوصی موسیقی کے منصوبے میں بھارتی فلمی دنیا کے بڑے ناموں کو اکٹھا کرلیا۔

’آشا فاریور‘ کے عنوان سے تیار کیے جانے والے اس خراج تحسین میں شاہ رخ خان، سلمان خان، کمال ہاسن اور فلم ساز کرن جوہر شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ میں فرقہ وارانہ اثرات ، اے آر رحمان بول اٹھے

اے آر رحمان نے گزشتہ چند روز کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مختلف پیغامات کے ذریعے منصوبے میں شامل ہونے والی شخصیات کا اعلان کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

اے آر رحمان نے سب سے پہلے شاہ رخ خان کی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آشا بھوسلے کے اعزاز میں تیار کیے جانے والے موسیقی کے منصوبے کا حصہ بننے پر وہ شاہ رخ خان کے شکر گزار ہیں۔

اگلے روز کمال ہاسن کی شرکت کا اعلان کیا گیا۔ رحمان نے انہیں بھارتی سینما کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے والی لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس خراج تحسین میں ان کی شرکت خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان اور سلمان خان نئی فلم Tiger vs Pathaanمیں ایک ساتھ کام کریں گے

منگل کو سلمان خان کی شرکت کی بھی تصدیق کی گئی۔ رحمان کے مطابق سلمان خان آشا بھوسلے سے خصوصی محبت رکھتے تھے اور ان کے شاندار ورثے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی شرکت اس منصوبے کو مزید خاص بناتی ہے۔

بدھ کو فلم ساز کرن جوہر کی شرکت کا اعلان کیا گیا۔ اے آر رحمان نے ان کے ساتھ ہونے والی ویڈیو کال کو بھی خاص قرار دیا اور کہا کہ موسیقی اور سینما کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ نسلوں کے فن کاروں کو آواز دینے والے کرن جوہر کی شرکت اس خراج تحسین کو مزید معنی خیز بناتی ہے۔

آشا بھوسلے 12 اپریل کو 92 برس کی عمر میں متعدد اعضا کے ناکارہ ہونے کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔ انہیں ممبئی کے شیواجی پارک شمشان گھاٹ میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ آتش کیا گیا تھا، جہاں بھارتی فلمی صنعت کی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: موسیقار اے آر رحمان سے علیحدگی، اہلیہ سائرہ بانو نے خاموشی توڑ دی

‘آشا فاریور’ کے ایک حصے کی ریکارڈنگ آشا بھوسلے کی زندگی میں ہی مکمل کرلی گئی تھی۔ اے آر رحمان کی خواہش تھی کہ آشا بھوسلے مکمل منصوبہ دیکھ سکیں۔

اس ریکارڈنگ میں آشا بھوسلے کے ساتھ لندن کے ٹرینیٹی لابن کنزرویٹوائر آف میوزک اینڈ ڈانس کے موسیقاروں نے بھی حصہ لیا۔ اے آر رحمان اس ادارے کے اعزازی صدر ہیں۔

اے آر رحمان اور آشا بھوسلے کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط موسیقی کا تعلق تھا اور دونوں نے ‘رنگیلا رے’، ‘تنہا تنہا’، ‘کہیں آگ لگے’ اور ‘رادھا کیسے نہ جلے’ سمیت متعدد مقبول گیتوں پر ایک ساتھ کام کیا۔

خراج تحسین کی اس ویڈیو کی ریلیز کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی، تاہم شاہ رخ خان، سلمان خان، کمال ہاسن اور کرن جوہر جیسے بڑے ناموں کی شمولیت کے بعد منصوبے کے حوالے سے شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp