نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے آئندہ انتخابات کا انتظار نہیں کرنا پڑےگا، خواجہ آصف

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر آئندہ انتخابات کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، یہ معاملہ اگلے انتخابات سے پہلے ہی حل کرلیا جائےگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہاکہ یہ ایک تعمیری بحث ہے جس کا کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلنا چاہیے۔ اگر اختیارات کا کچھ حصہ انتظامی یونٹس یا اضلاع کو منتقل کردیا جائے اور نئے انتظامی یونٹس وجود میں آجائیں تو اس میں کیا حرج ہے؟

وزیر دفاع نے کہاکہ اس وقت عوام کے لیے سروس ڈیلیوری کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، پورے پاکستان کے عوام کو شکایات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں سیاسی مصلحت کی وجہ سے اس معاملے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے سے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث جاری ہے، جس میں اب شدت آ گئی ہے۔ تاہم، ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اس کے خلاف ہیں۔

پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ کچھ بھی ہو جائے سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیا جائےگا، جبکہ مسلم لیگ ن پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم ملک میں نئے صوبوں کا مطالبہ کررہی ہے، جبکہ حال ہی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ سسٹم ناکام ہو چکا ہے، ہمیں نئے انتظامی یونٹس کی طرف جانا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp