پاکستانی شوبز کی معروف جوڑی دانش تیمور اور عائزہ خان کی ازدواجی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی طلاق اور علیحدگی کی افواہوں پر دانش تیمور کی بھابھی سدرہ نے وضاحت کردی۔
گزشتہ دنوں عائزہ خان کی جانب سے شوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر موجود بعض تصاویر ہٹائے جانے اور دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کے پریمیئر میں شرکت نہ کرنے کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: دانش تیمور سے طلاق کی خبروں کے بعد اداکارہ عائزہ خان نے خاموشی توڑ دی
عائزہ خان اس سے قبل ایک فین پیج کو جواب دیتے ہوئے واضح کر چکی ہیں کہ وہ اور دانش تیمور علیحدہ نہیں ہوئے، تاہم دونوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تفصیلی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
اب دانش تیمور کے بھائی زاہد تیمور کی اہلیہ سدرہ نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانش اور عائزہ صحت مند، خوش اور بہترین رشتے میں ہیں جبکہ ان کی علیحدگی سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔

سدرہ نے عائزہ خان کے ڈرامہ ’ہمراہی‘ کے پریمیئر میں شرکت نہ کرنے پر ہونے والی تنقید کا بھی حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب عائزہ نے ’شیر‘ کے پریمیئر میں شرکت کی تھی تو انہیں ’توجہ حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والی‘ قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اب پریمیئر میں شرکت نہ کرنے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دانش تیمور اور عائزہ خان کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور دونوں پاکستان کی مقبول ترین شوبز جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔














