ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ

جمعرات 20 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا۔

پاکستان مونومنٹ آمد پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ملائیشیا کے وزیر داخلہ کو پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس پر انہوں نے یادگار شہدا اور مونومنٹ کی تاریخی اہمیت کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:ملیشیا نے بھارت سے تنازع میں پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی

بعد ازاں ان کے اعزاز میں اسلام آباد پولیس لائنز میں خصوصی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے چاق چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، جبکہ اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کی پریڈ کا معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp