امریکی اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر کی اچانک موت کے بعد ان کے سابق بوائے فرینڈ برائن ہیکرسن نے پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے بیان جاری کردیا ہے جبکہ پولیس اور دیگر حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
36 سالہ ہیڈن پنیٹیئر کو 16 اگست کو جنوبی کیرولائنا کے شہر گرین وِل میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں بے ہوش پایا گیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق اس وقت برائن ہیکرسن اور اس کا بھائی زیک ہیکرسن بھی اپارٹمنٹ میں موجود تھے۔ امدادی اہلکاروں نے اداکارہ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی تاہم انہیں موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہالی ووڈ اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر کا آخری انٹرویو کیوں وائرل ہو رہا ہے؟
پنیٹیئر کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ پوسٹ مارٹم میں جسم پر کسی قسم کے زخم کے شواہد نہیں ملے جبکہ پولیس نے ابتدائی طور پر کہا ہے کہ واقعے میں کسی قسم کی بدسلوکی یا مجرمانہ مداخلت کے آثار نہیں ملے۔ تاہم تحقیقات بدستور جاری ہیں۔
برائن ہیکرسن کے وکیل سلون ایلس نے جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ہیڈن پنیٹیئر کی موت کا معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے اور تحقیقات کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ہالی ووڈ اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر کو قتل کیا گیا؟
وکیل کے مطابق پولیس نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کسی قسم کی بدسلوکی کے شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈن کے اہل خانہ اور جاری تحقیقات کے احترام میں اس وقت مزید کوئی بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔
پولیس رپورٹ میں کیا سامنے آیا؟
پولیس رپورٹ کے مطابق زیک ہیکرسن نے سب سے پہلے اہلکاروں سے بات کی اور بتایا کہ بے ہوش خاتون اس کے بھائی برائن کی گرل فرینڈ ہیں۔ اہلکار کے مشاہدے کے مطابق طبی امداد کے دوران زیک خاصا جذباتی دکھائی دے رہا تھا جبکہ برائن اس وقت جذباتی ہوا جب طبی عملے نے ہیڈن کو مردہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں شوہر نے بیوی اور بہن کو قتل کرکے واٹس ایپ اسٹیٹس اپڈیٹ کیا اور پھر خودکشی کرلی
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ برائن نے پولیس کو ہیڈن کی استعمال کردہ ادویات کا ایک بیگ دکھایا تھا تاہم رپورٹ میں ادویات کی تفصیلات حذف کردی گئی ہیں۔ 911 کال سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات میں ہیڈن کے کارڈیک اریسٹ کا ذکر بھی ہوا ہے جبکہ ممکنہ اوور ڈوز کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ہیڈن پنیٹیئر اور برائن ہیکرسن کا تعلق 2018 سے اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ دونوں کے درمیان تعلقات میں گھریلو تشدد کے الزامات بھی سامنے آئے تھے اور ہیکرسن نے ماضی میں پنیٹیئر کو زخمی کرنے سے متعلق الزامات میں عدالت میں عدمِ مقابلہ (no contest) کی درخواست قبول کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
رپورٹس کے مطابق ہیکرسن نے حال ہی میں اپنی سابقہ سزا کو سنگین جرائم سے کم کرکے معمولی نوعیت کے جرائم میں تبدیل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا تاہم یہ درخواست 13 اگست کو مسترد کردی گئی، یعنی ہیڈن کی موت سے صرف چند روز قبل۔
ہیڈن پنیٹیئر کی موت کی تحقیقات میں امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) بھی شامل ہوگئی ہے تاہم حکام نے تاحال اداکارہ کی موت کی حتمی وجہ یا نوعیت کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔














