سیڑھیاں چڑھنے سے دل کے امراض سے موت کا خطرہ 39 فیصد کم ہوسکتا ہے

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزمرہ معمول میں سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل اور خون کی شریانوں سے متعلق بیماریوں سے موت کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کرسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:دل کے دورے کے خطرے میں کولیسٹرول کی سطح میں تبدیلی ٹرائی گلیسرائیڈز سے زیادہ اہم قرار

تحقیق کے مطابق جو افراد باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھتے ہیں، ان میں دل کے امراض سے موت کا خطرہ سیڑھیاں نہ چڑھنے والوں کے مقابلے میں 39 فیصد کم پایا گیا، جبکہ کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 24 فیصد کم تھا۔

محققین نے قریباً 19 سو مطالعات کا جائزہ لینے کے بعد 9 مطالعات میں شامل 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا، جن کی صحت کا اوسطاً 14 سال تک جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سیڑھیاں چڑھنے والے افراد میں ہارٹ اٹیک، فالج اور ہارٹ فیل ہونے سمیت بڑے قلبی امراض کا خطرہ بھی کم دیکھا گیا۔ روزانہ تقریباً 6 فلائٹس سیڑھیاں چڑھنا صحت کے لیے خاص طور پر مفید قرار دیا گیا، تاہم محققین کے مطابق تھوڑی سی جسمانی سرگرمی بھی فائدہ مند ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:دل کی صحت کے لیے وزن سے زیادہ کمر کا سائز اہم ہوسکتا ہے، تحقیق

ماہرین کا کہنا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنا ایک آسان اور کم خرچ جسمانی سرگرمی ہے جسے روزمرہ زندگی میں ورزش کے لیے باقاعدہ وقت نکالے بغیر بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم یہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی ہے، اس لیے اس سے براہِ راست وجہ اور اثر کا حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp