ہیڈنگلے کی شکست سے قومی ٹیم نے کیا سیکھا اور اگلے میچ کے لیے کیا عزم کیا؟ امام الحق نے پلاننگ بتادی

جمعرات 27 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست سے سبق سیکھنے اور لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں مضبوط واپسی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے بتایا کہ ہیڈنگلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم نے تفصیلی اجلاس کیے، جن میں مثبت اور مشکل دونوں پہلوؤں پر کھل کر بات ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں انگلینڈ نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا، پہلے ٹیسٹ میں شکست پر سلمان علی آغا کا اعتراف

امام الحق کے مطابق ٹیم میٹنگز میں پہلے ٹیسٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، غلطیوں کی نشاندہی کی گئی اور آئندہ میچز کے لیے واضح حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شکست کے بعد ٹیم کے اندر ہونے والی سخت گفتگو بھی ضروری تھی تاکہ کھلاڑی اجتماعی طور پر آگے بڑھ سکیں اور مشکل صورتحال کا مثبت انداز میں مقابلہ کریں۔

امام الحق نے کہا کہ ٹیم کا ماحول اس وقت بہت اچھا اور مثبت ہے، کھلاڑی ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دینے اور درست ذہنی کیفیت برقرار رکھنے پر توجہ دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویسٹ انڈیز کے دورے سے اچھی تیاری کے ساتھ واپس آیا ہے، تاہم لارڈز میں کامیابی کے لیے ذہنی مضبوطی اور دباؤ سے نمٹنے کی صلاحیت انتہائی اہم ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ’بدنام اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا‘: انگلینڈ کیخلاف پہلے ہی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کئی ان چاہے ریکارڈ

پاکستانی اوپنر نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ ذہنی طور پر کھیل کے لیے کس طرح تیار ہوتا ہے اور دباؤ کی صورتحال میں اپنی کارکردگی کو کس طرح برقرار رکھتا ہے۔

امام الحق نے ٹیم کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب قومی ٹیم مشکل صورتحال میں پھنس جاتی ہے تو کھلاڑی بھرپور انداز میں واپس آنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور ہیڈنگلے کی شکست کے بعد بھی وہ اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ پہلے ٹیسٹ کی ناکامی کو حوصلے میں بدلا جائے اور دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور جواب دیا جائے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ لارڈز میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم تین میچوں کی سیریز میں واپسی کے لیے میدان میں اترے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp