روس نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’آئی سی بی ایم‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا

ہفتہ 29 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روسی فوج نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق میزائل کو شمال مغربی علاقے آرخانگلسک میں واقع پلیسیٹسک کاسموڈروم سے لانچ کیا گیا، جس نے ملک کے شمال مغربی حصے سے مشرق بعید میں جزیرہ نما کامچٹکا کے کورا تربیتی مرکز تک پرواز کی۔

مزید پڑھیں:امریکی سی آئی اے چیف کے خفیہ دورۂ ماسکو پر دُنیا میں ہلچل، روس کو تباہ کن نتائج کی دھمکی

وزارت دفاع کے مطابق تجربے کے دوران مقررہ تمام اہداف مکمل طور پر حاصل کرلیے گئے، جبکہ میزائل کی کارکردگی اور پرواز کی خصوصیات کی تصدیق ہوئی۔

روسی وزارت دفاع نے میزائل کی قسم ظاہر نہیں کی، تاہم بتایا کہ یہ موبائل لانچ کیے جانے والا ٹھوس ایندھن سے چلنے والا نظام ہے۔

وزارت کے مطابق روسی اسٹریٹجک میزائل فورسز کی تربیتی مشق کے دوران موبائل آئی سی بی ایم لانچر بیٹری کو ایک دور دراز علاقے میں منتقل کرکے لانچ کے لیے تیار کیا گیا اور میزائل داغا گیا۔

رپورٹ کے مطابق روس نے رواں سال مئی میں جدید آر ایس 28 سرمت بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا تھا۔ اس میزائل کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ ایک سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے 10 تک بھاری جوہری وار ہیڈز لے جاسکتا ہے۔

روسی حکام کے مطابق سرمت میزائل ایوانگارڈ ہائپرسونک گلائیڈر سے بھی مطابقت رکھتا ہے، جو فضا میں انتہائی تیز رفتاری سے ہدف کی جانب بڑھتے ہوئے اپنی سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور فضائی دفاعی نظام کے لیے اسے روکنا مشکل بناتا ہے۔

روسی اسٹریٹجک میزائل فورسز کے کمانڈر جنرل سرگئی کراکایف کے مطابق روس رواں سال کے اختتام تک اپنی پہلی میزائل رجمنٹ کو سرمت نظام سے لیس کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سرمت کو’دنیا کا سب سے طاقتور میزائل نظام‘ قرار دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق اس کی رینج 35 ہزار کلومیٹر سے زیادہ اور یہ کسی بھی مغربی میزائل کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ پے لوڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں:افغان سرحد پر سیکیورٹی خدشات، روس تاجکستان کو ہتھیار اور فوجی سازوسامان فراہم کریگا

پیوٹن کے مطابق امریکا کی جانب سے 2022 میں اینٹی بیلسٹک میزائل (اے بی ایم) معاہدے سے یکطرفہ دستبرداری کے بعد روس نے ایسے میزائل نظام کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جو دفاعی نظاموں کو عبور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp