عمران خان کے حامی خوف و بے چینی پھیلا کر بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں، خواجہ آصف

اتوار 30 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کے حامیوں پر ملک میں بے چینی اور بحران پیدا کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی عمران خان کی واپسی کے لیے حکومت کی تبدیلی کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔

خواجہ آصف نے ایک نجی ٹیلیویژن پروگرام سے متعلق صحافی نصرت جاوید کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران عمران خان کے بیٹوں کو اسکائی اسپورٹس پر 18 منٹ کا انٹرویو ملنا محض اتفاق نہیں لگتا، جبکہ انہوں نے اس حوالے سے ’صہیونیوں‘ پر اپنے منصوبے کو بچانے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا۔

ایک اور پوسٹ میں خواجہ آصف نے عمران خان کے سیاسی ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں مسلم لیگ ن کے کارکن جیلوں میں بھیجے جا رہے تھے، جبکہ عمران خان مشرف سے 100 قومی اسمبلی کی نشستیں مانگ رہے تھے اور انہیں ایک نشست ’تسلی کے انعام‘ کے طور پر ملی۔

یہ بھی پڑھیں:بیوروکریٹس ہی اصل اور مستقل حکمران، کسی حکومت نے ان کا احتساب نہیں کیا، وزیر دفاع خواجہ آصف

عمران خان کی صحت سے متعلق خواجہ آصف نے ان کی بہن اور ڈاکٹروں کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کا بلڈ پریشر چیک کیا جو معمول کے مطابق تھا اور انہیں ’بالکل فٹ‘ قرار دیا۔

خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ عمران خان کے بیرون ملک حامی خوف اور بے چینی کی فضا پیدا کرکے احتجاج اور سیاسی بحران کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سی این این کی صحافی بیکی اینڈرسن کی ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں پاکستانی حکومت کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عمران خان کی قید عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp