تربیلا ڈیم لبریز، نالہ ڈیک میں پانی کی سطح بلند، دریاؤں میں صورتحال نارمل

اتوار 30 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 76 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم نالہ ڈیک میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈیویژن اور محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا کی 30 اگست کی تازہ رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فٹ کی زیادہ سے زیادہ ذخیرہ کرنے کی سطح پر برقرار ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈیم رواں سال 10 اگست کو ہی 100 فیصد بھر گیا تھا۔

منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1219.30 فٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی مجموعی گنجائش 1242 فٹ ہے، یوں ڈیم تقریباً 76 فیصد بھر چکا ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈیویژن لاہور کے مطابق دریائے راوی سے منسلک نالہ ڈیک میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ صبح 9 بجے نالے میں پانی کا بہاؤ 5,670 کیوسکس تھا جو بڑھ کر 15,506 کیوسکس ہوگیا، جس کے باعث وہاں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

دوسری جانب محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا کی روزانہ فلڈ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ کے تربیلا، اٹک، جناح اور چشمہ مقامات، دریائے کابل کے وارسک اور نوشہرہ، دریائے سوات اور دیگر معاون دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیپال میں سیلاب: امدادی کارروائیاں جاری، تعمیرِ نو کے لیے 5 ارب ڈالر درکار

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بنجی میں 42.2 اور سبی، دالبندین اور نوکنڈی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 26.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 36.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp