نواز شریف نے آزاد کشمیر کے لیے پہلے 100 دن کا اصلاحاتی منصوبہ وزیراعظم افتخار گیلانی کو دے دیا

اتوار 30 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے ساتھ شیئر کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے پارٹی قیادت کی جانب سے اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی شاہ غلام قادر سے اہم ملاقات، ناراضی ختم ہونے کا امکان

پارٹی قیادت نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خطے میں صحت، تعلیم، صفائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت تمام اہم شعبوں میں مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات کی طرز پر آزاد جموں و کشمیر کو بھی جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی۔

ترجمان کے مطابق 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے کا مقصد آزاد کشمیر میں عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور مختلف شعبوں میں فوری نوعیت کی اصلاحات متعارف کرانا ہے۔

جاتی امرا میں نواز شریف سے وزیراعظم آزاد کشمیر اور قائم مقام صدر کی اہم ملاقات

رپورٹ: عارف ملک

وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی اور قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، حکومت سازی اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر کی نئی کابینہ کی تشکیل سے متعلق ناموں کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ نواز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کے آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے اہم رہنما اصول بھی دیے۔

مزید پڑھیں: افتخار گیلانی کی بطور وزیراعظم نامزدگی، مشکل فیصلہ نواز شریف نے کیا، رانا ثنا اللہ

ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں حکومتی امور، سیاسی معاملات اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے نواز شریف کو پمز میں پیش آنے والے سانحے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp