اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے بعد موسلادھار بارش، بلیو ایریا میں درخت گرگیا

اتوار 30 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم نے اچانک کروٹ لی اور تیز ہواؤں کے بعد مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ تیز ہواؤں کے باعث بلیو ایریا میں ایک درخت بھی گر گیا تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

صبح کے وقت اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسم صاف رہا اور دھوپ نکلی ہوئی تھی، تاہم دوپہر کے قریب اچانک آسمان پر بادل چھا گئے۔ اس کے بعد تیز ہوائیں چلیں اور جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اسلام آباد کے ریڈ زون، ایف سکس اور جی سکس سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد موسم میں نمایاں بہتری آئی، تاہم شہر کے بعض سیکٹرز ایسے بھی رہے جہاں بارش نہیں ہوئی۔

بارش اور تیز ہواؤں کے دوران بلیو ایریا میں درخت گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ بعد ازاں سی ڈی اے کا عملہ موقع پر پہنچا اور سڑک پر گرے درخت کی شاخیں اور جھاڑیاں ہٹا کر راستہ کلیئر کردیا۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آئندہ بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 5 ستمبر تک بارشوں کا امکان

مون سون کے آٹھویں اسپیل کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آج سے 5 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی کے علاوہ فیصل آباد، چکوال، جہلم اور منڈی بہاءالدین میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور ملاکنڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

لاہور میں گرمی برقرار، آئندہ دنوں میں بارش متوقع

لاہور میں درجہ حرارت بدستور بلند ہے تاہم مون سون کے آٹھویں اسپیل کے اثرات کے باعث آنے والے دنوں میں بارش کے امکانات موجود ہیں۔

موسمی صورتحال کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد جبکہ رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون کے آٹھویں اسپیل کے حوالے سے جاری الرٹ میں بھی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے 5 ستمبر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں عارضی کمی متوقع ہے۔

راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، 31 اگست کو سپل ویز کھولنے کا فیصلہ

مون سون بارشوں کے باعث اسلام آباد اور گردونواح میں واقع راول ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہوگئی ہے اور یہ 1751.40 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم کے سپل ویز 31 اگست کو صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔

انتظامیہ نے سپل ویز کھولنے سے قبل تمام متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اور احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ شہریوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp